سڈنی (نیٹ نیوز) آسٹریلوی فضائی کمپنی قنطاس نے 50 مسافروں کو لے کر نیو یارک سے سڈنی تک مسلسل پرواز کر کے ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے ، اس نان سٹاپ پرواز کیلئے بوئنگ 787-9 ڈریم لائنر طیارے کا انتخاب کیا گیا، اب تک کی طویل ترین پرواز سنگاپور ایئر لائن کی تھی، جو ساڑھے اٹھارہ گھنٹوں پر محیط تھی، یہ فلائٹ آج بھی سنگاپور کے چانگی ایئر پورٹ سے روانہ ہو کر امریکا میں نیو یارک کے جان ایف کینیڈی ایئر پورٹ پر اترتی ہے ، اس پرواز کے بعد ہی قنطاس ایئر لائن نے سڈنی تا نیو یارک کی پرواز شروع کرنے کی منصوبہ بندی شروع کی تھی۔ امریکی شہر نیو یارک کے جان ایف کینیڈی ایئر پورٹ سے قنطاس ایئر لائن کی یہ خصوصی پرواز آسٹریلوی شہر سڈنی کے کنگز فورڈ اسمتھ ایئر پورٹ کے لیے روانہ ہوئی، طیارے کے عملے کے علاوہ اس ہوائی کمپنی کے سینیئر اہلکار، پرواز کے دوران مسافروں کی نفسیات پر نگاہ رکھنے والے ماہرین، محققین اور چند میڈیا کارکن بھی طیارے پر سوار تھے ، 40 مسافروں کے لیے عملے کے دس ارکان طیارے میں موجود تھے ، عملے کو باقاعدگی سے آرام کا موقع بھی دیا گیا ، پرواز کے دوران مسافروں کو خصوصی مرچوں والا کھانا پیش کیا گیا، ان کھانوں کا مقصد مسافروں کو زیادہ سے زیادہ جاگتا رکھنا تھا، مسافروں کو ہدایت تھی کہ وہ ابتدائی 6 گھنٹوں میں سونے سے اجتناب کریں، مسافروں نے دوران پرواز یوگا کی مشقیں بھی کیں، پرواز نے جمعہ کی شام 9 بج کر 27 منٹ پر اڑان بھری اور 16 ہزار 200 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرکے اتوار کی صبح 7 بج کر 33 منٹ پر منزل پر پہنچی، اس براہ راست پرواز سے مسافروں کے 4 گھنٹے بچ جائیں گے ۔