نیویارک ( ندیم منظور سلہری سے ) نیویارک میں ہیومین ڈویلپمنٹ فائونڈیشن کے زیراہتمام فنڈ ریزنگ عشائیہ دیا گیا ۔ بورڈ آف ڈائریکٹرز کی چیئر پرسن ڈاکٹر ناہید قیوم نے تقریب کی صدارت کی ، مقررین کا کہنا تھا کہ فا ئونڈیشن کے پلیٹ فارم پر جمع ہو کر اوورسیز پاکستانی اُس وطن کی ترقی میں حصہ ڈال سکتے ہیں کہ جس نے ہم سب کو بہت کچھ دیا ہے پاکستانی امریکی سکالر ڈاکٹر عادل نجم نے کہا کہ پاکستان میں آئندہ کم از کم 25 سالوں تک نوجوانوں کا کردار کافی اہمیت کا حامل ہے لہذا انکے لئے سازگار ماحول اور ترقی کے بہتر مواقع پیدا کرنے کیلئے اوورسیز پاکستانیوں کو آگے آنا ہو گا ڈاکٹر ناہید قیوم نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہیومین ڈویلپمنٹ فاونڈیشن ، پاکستان میں تعلیم، صحت ، ماحولیات اور روزگار سمیت مختلف شعبوں میں 20 لاکھ افراد کی مدد کر چکی ہے اور ہم ملک و قوم کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے تقریب کے اختتام پر گلوکارہ صائمہ جہاں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔