ولنگٹن (این این آئی )نیوزی لینڈ کے وزیرِ صحت لاک ڈائون قواعد کی خلاف ورزی کرنے اور حکومت کے کورونا وائرس کیخلاف ردِ عمل پر تنقید کے بعد اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق ڈیوڈ کلارک نے اپنے خاندان کو ساحل پر لے جا کر لاک ڈائون قواعد کی خلاف ورزی کی تھی اور ان کے درجے میں پہلے ہی تنزلی کی جا چکی تھی۔انھوں نے کہا کہ اگر وہ اپنے عہدے پر کام جاری رکھتے ہیں تو یہ ان کی حکومت کے عالمی وبا کے خلاف ردِ عمل سے توجہ ہٹانے کے مترادف ہو گا۔وزیرِ اعظم جسینڈا آرڈرن نے جمعرات کے روز تصدیق کی کہ انھوں نے کلارک کا استعفیٰ منظور کر لیا ۔کلارک نے کہا کہ میں بطور وزیرِ صحت اپنے فیصلوں کی مکمل ذمہ داری قبول کرتا ہوں۔انھوں نے کہا کہ یہ مستعفی ہونے کا صحیح موقع ہے کیونکہ اس وقت ملک میں مقامی منتقلی کے کیسز نہیں ۔