مکرمی ! کوئی شک نہیں پاکستان ایک محفوظ ملک ہے اور یہاں سیر و سیاحت،تفریح اور کھیل کو کسی سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔ مہمان نوازی اور بڑا دل پاکستان کی شان ہے او ر یہ قوم تو خود تفریح کو پسند کرتی ہے اس قوم سے کسی کو کیا خطرہ ہوگا؟مگرحالیہ صورتحال کو دیکھا جائے تو ایک بار پھربھارت نے ثابت کردیا کہ وہ پاکستان میں کرکٹ کا حامی نہیں اور پاکستانی کرکٹ کی سب سے بڑی دشمن بھارت ہے۔ پاکستان کی کرکٹ کو تباہ کرنے میں سب سے زیادہ ہاتھ بھارت کا ہے۔بھارت کو افغان صورتحال میں ناکامی پرپاکستان پر سخت غصہ تھا۔جب تاجکستان میں پاکستان افغان امن کے لیے کوششیں اور کانفرنسیں کررہا تھا تب ہی بھارت نے موقع کو غنیمت جان کر نیوزی لینڈ ٹیم اور آئی سی سی آفیشلز کو اکسایا۔ نیوزی لینڈ ٹیم پاکستان میں موجود تھی اور میچ کے لیے تیار تھی مگر عین موقع پر دورہ چھوڑ کر چلے جانا یہی ثابت کرتا ہے پاکستان کو د نیا بھر میں بدنام کرنا ضرور سازش کا حصہ تھا۔اگر سیکورٹی ایشوز تھے تو نیوزی لینڈ کواپنی کرکٹ ٹیم پاکستان بھیجنی ہی نہیں چاہیے تھی۔ٹیم بھیج کر اسکو فوراً واپس بلا لینے کا جواز ہی پیدا نہیں ہوتا۔ پاکستانی افواج او ر پولیس نے کیوز کو ہر طرح کی سیکورٹی دی جبکہ یہ بات سب جانتے ہیں پاکستانی سکیورٹی ایجنسیاں دنیا کی بہترین ایجنسیاں ہیں اور وہ کسی بھی طرح کا رسک مول نہیں لیتی بلکہ ان کا فوکس صرف اپنے ہدف پر ہوتا ہے۔بطور پاکستانی ہمیں حکومت کو برا نہیں کہنا چاہیے کیونکہ حکومت نے کرکٹ بحالی کے لیے ہر ممکن کوشش کی مگر آئی سی سی ،بھارت اور اس کے کچھ حواری پاکستان کو صرف بدنام کرنے کی کوشش ہمہ تن مصروف ہیں ہیں جس سے پاکستان کا امیج بار بار خراب ہورہا ہے۔ان تمام سازشوں کو بے نقاب کرنے بے حد ضرورت ہے۔ (عمرفاروق ‘لاہور)