لاہور(سپورٹس رپورٹر)قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا ہے کہ بطور کوچ میرے اور ٹیم کے لئے شکست مایوس کن ہے ، کرکٹ مسائل پر بات کرنا اور سمجھنا ضروری ہے ، ٹیم اور مینجمنٹ کی محنت اور کوشش میں کمی نہیں تھی، نیوزی لینڈ مضبوط ٹیم ہے ، اس کا حالیہ ریکارڈ بھی اچھا ہے ، ہماری صلاحیت ایسی نہیں ہے ، قرنطینہ کی وجہ سے کمروں تک محدود رہنے کی وجہ سے مسائل بھی ہوئے سب سے بڑا نقصان بابراعظم کا ہوا، فہیم شرف آل راؤنڈر کا خلا پْر کرنے لگے ہیں۔ کیویز سے شکست پر کوئی جواز پیش نہیں کرونگا ۔ قذافی اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا کہ ٹیم کی کارکردگی اور حقائق پر بات کرنے آیا ہوں، نیوزی لینڈ کی موجودہ ٹیم مضبوط ترین ٹیموں میں ہے ۔ مصباح الحق نے کہا کہ نیوزی لینڈ نے ہم سے بہتر کرکٹ کھیلی وہ سیریز کھیلتے ہوئے آرہے تھے ، سب کوچز کو کورونا کی وجہ سے مسائل پیش آرہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج کی کرکٹ پچھلے ڈیڑھ سال کی کرکٹ سے مختلف ہے ، کرکٹ کمیٹی کا اجلاس معمول کی بات ہے ، میں گورننگ بورڈ میں بھی پیش ہو چکا ہوں۔مصباح الحق نے کہا کہ کرکٹ کمیٹی کو مکمل بریفنگ دوں گا،امید ہے کہ وہ بات کو سمجھیں گے ۔مصباح نے کہا کہ ہم جیسی کرکٹ کھیلتے آئے ہیں کارکردگی اس کے مطابق نہیں رہی، میں معذرت کرنے نہیں آیا مایوسی ہے کہ ہم سیریز ہارے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کمیونیکشن گیپ نہیں ہونا چاہیے ، اگر کارکردگی کا کوئی جائزہ لیتا ہے تو ٹھیک ہے ، ہمیں تسلسل اعتماد اور یقینی صورتحال چاہیے ، نتائج نہیں دیتے تو اس بارے میں وجوہات دیکھنی چاہیے ۔ہیڈ کوچ نے کہا کہ مجھے نہیں لگتا ہمیں بہت زیادہ تنقید کا نشانہ بنایا جائے گا، ہماری بات سنی جائے گی، جہاں میں ہوں وہاں دباؤ ہوتا ہے ، میں مانتا ہوں نتائج نہیں آ ئے ۔