اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل ظفرمحمود عباسی نے قطرکے سرکاری دورے کے دوران قطری وزیر اعظم،مسلح افواج کے چیف آف سٹاف اور بحریہ کے کمانڈرسے الگ الگ ملاقاتیں کیں،اس موقع پرعسکری تعاون بڑھانے پراتفاق کیا گیا۔پاک بحریہ کے سربراہ نے قطری نیول تنصیبات بشمول میری ٹائم وارفیئراورٹریننگ سینٹر،غانم بن محمد غانم اکیڈمی اورالجزیرہ میڈیا نیٹ ورک کا دورہ بھی کیا۔وزیراعظم شیخ عبداللہ بن نصیربن خلیفہ التھانی اورقطری مسلح افواج کے چیف آف سٹاف لیفٹیننٹ جنرل (پائلٹ) غانم بن شاہین الغانم سے ملاقات کے دوران علاقائی سکیورٹی واستحکام اورباہمی دلچسپی کے اموربشمول عسکری تعاون پربات چیت کی گئی۔معززشخصیات نے مضبوط دو طرفہ دفاعی تعلقات اورعسکری شعبوں میں باہمی روابط میں مزید اضافے پراتفاق کیا۔علاوہ ازیں راس ابوعبود نیول بیس آمد پرکمانڈرقطرامیری نیول فورس میجرجنرل عبداللہ حسن الصُلیتی نے نیول چیف کا استقبال کیا اورگارڈ آف آنرپیش کیا۔بعد ازاں ایڈمرل ظفرمحمود عباسی نے قطری میڈیا نیٹ ورک الجزیرہ کے ہیڈکوارٹرزکا دورہ کیا اورمقبوضہ کشمیرمیں بھارتی ظلم وبربریت،کشمیریوں کی حالتِ زاراورکشمیریوں کی حق وانصاف کی جدوجہد میں پاکستان کی مسلسل حمایت سے آگاہ کیا۔نیول چیف کے دورے سے دونوں ملکوں کے مابین دفاعی تعلقات بڑھنے کی توقع کی جارہی ہے ۔