اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،92 نیوزرپورٹ ،نیوزایجنسیاں ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے نیویارک فلیٹ کیس میں سابق صدر آصف زرداری کی غیر موجودگی میں ضمانت قبل از گرفتاری کی استدعا مسترد کردی۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اﷲ اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل ڈویژن بینچ نے درخواست پرسماعت کی۔ وکیل فاروق ایچ نائیک نے آصف زرداری کی عدالت حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی ۔دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کیا آپ ضمانت قبل از گرفتاری مانگ رہے ہیں؟ ملزم کی عدم موجودگی میں ضمانت کی ایسی کوئی مثال قائم نہیں کریں گے ۔ فاروق ایچ نائیک نے عدالت کو بتایا آصف زرداری ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔عدم موجودگی میں ضمانت سے متعلق کیس لاز موجود ہیں۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی دو روز کی حفاظتی ضمانت دیدیں وہ خود پیش ہو جائیں گے ۔عدالت نے کہا آصف زرداری ذاتی حیثیت میں حاضر ہوں پھر ضمانت درخواست سنیں گے ۔ سماعت آج پھر ہوگی ۔دریں اثناء سابق صدر آصف زرداری نے نیویارک فلیٹ انکوائری میں اپنے وکیل کے ذریعے نیب کو جواب جمع کرادیاجس کی ایک کاپی اسلام آباد ہائیکورٹ میں ان کی پٹیشن کیساتھ منسلک ہے ۔انہوں نے تحریری جواب میں نیب سے ایک ماہ کی مہلت مانگتے ہوئے کہا نیویارک فلیٹ پر معلومات اکٹھی کرنے کیلئے ایک ماہ کا وقت دیا جائے ، وہ نیب اور عدالتوں کا احترام کرتے ہیں اور پیش بھی ہوتے رہے ہیں۔