واشنگٹن (ندیم منظور سلہری سے ) منگل کو بائیڈن نے اپنی کابینہ کے اہم عہدوں کا اعلان کردیا، ، اپنے خطاب میں بائیڈن نے کہا ہماری ٹیم ملک کے عوام کو محفوظ بنائے گی، یہ وہ ٹیم ہے جو بتا رہی ہے کہ امریکہ واپس اپنی پرانی حالت میں آگیا ،دوبارہ دنیا کی قیادت کیلئے تیار اور پیچھے نہیں ہٹے گا، امریکہ کو پھرایک عظیم ملک بنائیں گے ۔ جن چھ عہدیداروں کا اعلان کیا گیا تھا، بائیڈن کے خطاب کے وقت وہ بھی ان کے ساتھ موجود تھے ۔ انٹونی بلنکن کو وزیر خارجہ ، ایلی یاندرو کو وزیر ہوم لینڈ سکیورٹی، ایورل ہنس کو ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جنس، لنڈا تھامس گرین فیلڈ کو یو این میں امریکی مندوب، جیک سلیوان کو مشیر قومی سلامتی اور جان کیری کو خصوصی نمائندہ ماحولیات نامزد کیا ۔ ایلی یاندرو اس منصب پر پہلے لاطینی باشندے ہیں، اسی طرح پہلی بار خاتون ایورل ہنس کو ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جنس نامزد کیا گیا، جینٹ یلن کی وزیر خزانہ کے طور پر نامزدگی متوقع ہے ، وائٹ ہائوس میں قانونی بیورو کی ڈپٹی چیف آف سٹاف کے طور پر ریما دودین کا نام منتخب کرلیا، وہ امریکی انتظامیہ میں پہلی عرب خاتون ہونگی، ان کا تعلق فلسطین میں مغربی کنارے کے شہر الخلیل سے ہے ۔ نامزد امریکی وزیر خارجہ بلنکن نے کہا ہمیں دوسرے ملکوں کے ساتھ کام کرنے ، ان کا تعاون حاصل کرنے کی ضرورت ہے ۔ پنسلوانیا میں دوبارہ جیت کے اعلان کے بعد بائیڈن 8 کروڑ ووٹ حاصل کرنے والے پہلے امریکی صدر بن گئے ، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کڑوا گھونٹ پی لیا، نو منتخب صدر جوبائیڈن انتظامیہ کو اختیارات منتقلی کی بالآخر منظوری دیدی، سربراہ جنرل سروس ایڈمنسٹریشن ایملی مرفی نے نومنتخب امریکی صدر کو اس بات سے آگاہ کردیا ، صدر ٹرمپ نے ایک گفتگومیں کہا قانونی جنگ جاری رہے گی مگر انتظامیہ سے کہہ دیا کہ جس چیز کی ضرورت ہے اسے انجام دیا جائے ، بائیڈن انتظامیہ حکومت سازی کے لئے سرکاری فنڈز استعمال کرنے کی اہل ہو گئی ، بائیڈن نے اقتدار کی پرامن منتقلی کو خوش آئند قرار دیا ، اردن کے شاہ عبداﷲ دوم اور نومنتخب امریکی صدر جو بائیڈن کا ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے ،دونوں رہنماؤں نے سٹریٹجک شراکت داری کو فروغ دینے پر گفتگو کی، بائیڈن انتظامیہ کے اعلان کے بعد امریکی سٹاک مارکیٹ میں بھی تیزی آ گئی ، ریاست مشی گن اورپنسلوانیا میں بھی بائیڈن کی فتح کا سرکاری طورپراعلان کردیا گیا، بائیڈن 8 کروڑ سے زائد ووٹ لینے والے پہلے امریکی صدر بن گئے ، انہیں ٹرمپ پر 60 لاکھ کی برتری حاصل ہوگئی، بائیڈن کو 51 اور ٹرمپ کو 47 فیصد ووٹ حاصل ہوئے ۔ نومنتخب امریکی صدراوران کی ٹیم نے عالمی معاہدات میں امریکہ کی واپسی کابھی عندیہ دیا۔