لاہور، اسلام آباد ( وقائع نگار، سٹاف رپور ٹر ، مانیٹرنگ ڈیسک ،این این آئی) مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے کہا کہ خواجہ آصف کی ناحق قید کا سلسلہ تمام ہوا ، سیاسی انتقام کی بدقسمت اور افسوسناک روایت کا نشانہ بنے ۔ انہوں نے اپنے بیان میں گیس اور بجلی کے نئے بحران کی اطلاعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگلے ماہ سے صارفین کے لئے گیس اور بجلی کی قلت اور تعطل کے نئے بحران کی اطلاعات افسوسناک ہیں ، آر ایل این جی پلانٹ کی بندش کا مطلب ڈیزل اور فرنس جیسے مہنگے ایندھن سے بجلی کی پیداوار ہوگی،عوام پر مہنگائی کا بوجھ مزید بڑھے گا ۔ نائب صدر مریم نواز شریف نے وزیر اعظم کو کم کپڑے پہننے کی بات پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی بات مجرمانہ سوچ کی عکاس ہے ، کیا موٹر وے پر خاتون کا ریپ غلط کپڑے پہننے سے ہوا ، نواز شریف کی زندگی کی گارنٹی دی جائے آج ہی واپس بلالوں گی ۔گزشتہ روز ایون فیلڈ ریفرنس کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے کہا کہ عمران خان کے بیان سے ریپسٹ کو حوصلہ ملے گا، عمران خان ایٹمی طاقت کا کسٹوڈین نہیں ،آپ کشمیر کا سودا کر کے آئے ہیں، کشمیر کا نام نہ لیں، مافیاز اور قاتلوں کو نوازنے کیلئے قرضے لئے ، شرم آنی چاہیے ۔مریم نوازنے لاہور دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا۔اس سے قبل مریم نواز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عثمان کاکڑ کی موت پر اگر سوال اٹھ گئے ہیں تو تحقیقات ہونی چاہئیں، خواجہ آصف نے سیاسی انتقام کا مقابلہ کیا مگر قائد کا ساتھ نہ چھوڑا۔ سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اطلاعات نے الیکشن کمیشن کو دبانے کی کوشش کی ، خطرہ ہے کہ حکومت ایٹمی پروگرام کو گروی نہ رکھ دے ، حکمران الیکٹرانک سسٹم میں چپ لگا کر آر ٹی ایس والا کام لینا چاہتے ہیں، گڈانی پر آنے والا جہاز بھی کرپشن کی کہانی ہے ، جہاز میں زہریلا مواد تھا جس سے لوگوں کو نقصان پہنچے گا۔کیپٹن ریٹائرڈ صفدرنے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مرحوم جج ارشد ملک کے ویڈیو بیان کے بعد تو کیس ختم ہوجانا چاہیے تھا،ملک بھر میں میرے خلاف ایک سو سات کیسز چل رہے ہیں،مجھے معلوم نہیں تھا کہ آج کونسا کیس ہے آیا ہوں تو پتہ چلا پانامہ والا کیس ہے ، پانامہ سے اقامہ نکلا مگر اقامے سے بھی کچھ نہ نکلا،قومی کمیشن بنے گا جس میں سب کو پیش ہونا پڑیگا۔