لاہور(بابر علی) محکمہ بلدیات پنجاب کی جانب سے نئے بلدیاتی نظام کے تحت ترقیا تی سکیموں کا آغاز کر دیا گیا ، اس حوالے سے صوبائی دارالحکومت لاہور کے گلی محلوں میں ترقیا تی کاموں کے لئے 3کروڑ ، 30لاکھ 71ہزارروپے لاگت کی 16سکیموں کی منظوری دے دی گئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2019ئکے تحت بلدیاتی اداروں کی حلقہ بندیاں اور درجہ بندیاں مکمل ہو نے کے بعد نئے بلدیاتی نظام کے تحت ترقیا تی سکیمیں شروع کی جا رہی ہیں ۔ محکمہ بلدیات پنجاب کی سول ڈویژن لاہور کی تجاویز پر 16ترقیا تی سکیمیں منظور ہوئی ہیں ، جن کی ٹینڈرنگ کا عمل مکمل کرکے تقریباً ایک ماہ بعد کام کا آغاز کیا جائے گا۔ سکیموں کی دستاویز کے مطابق 3کروڑ ، 30لاکھ 71ہزارروپے لاگت سے داتا گنج بخش ٹاؤن، سمن آباد ٹاؤن،علامہ اقبال ٹاؤن، راوی ٹاؤن، نشتر ٹاؤن، گلبرگ ٹاؤن، عزیز بھٹی ٹاؤن ، شالامار ٹاؤن کی مختلف نیبر ہڈز میں سڑکوں ، گلیوں کی مرمت، سٹریٹ لائٹس کی مرمت اور تنصیب کے کام کیے جائیں گے ۔ واضح رہے کہ سکیموں کی دستاویز میں سابقہ زون کو ٹاؤن اور یو نین کونسل کو نیبر ہڈ کا نام دیا گیا۔