لاہور(سٹاف رپورٹر)مرکزی جمعیت علماء اسلام (قادری گروپ) نے مولانا فضل الرحمن کے آزادی مارچ کی مخالفت کردی اور قراردیاہے کہ اس وقت مارچ ملک دشمنی کے مترداف ہوگا ۔ گزشتہ روز مرکزی جمعیت علماء اسلام پاکستان کی شوریٰ کا اجلاس مرکزی امیر پیر چراغ الدین شاہ کی صدارت اور مولانا اجمل قادری کی سرپرستی میں جامع مسجد لاہور ی اندرون شیرانوالہ میں ہوا ۔ اجلاس میں ملکی صورتحال،مقبوضہ کشمیر ، مولانافضل الرحمٰن کے مارچ اور دھرنے پر غور کیا گیا۔بعد ازاں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے اجمل قادری اور چراغ الدین شاہ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن دشمن کی چالوں کو سمجھیں، اپنا احتجاج موخر کرکے تمام توانائیاں مقبوضہ کشمیر کی آزادی پر صرف کریں۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت ، کرفیو سے نظام زندگی مفلوج ہے ، دشمن کا ٹارگٹ مسلمان ہیں ۔ مسلمانوں کے قتل عام کرنے کیلئے بھارت کو اسرائیل اور امریکہ کی حمایت حاصل ہے ۔ تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں اور پوری قوم کو اس وقت کشمیریوں کی آزادی کیلئے متحد ہو کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے اقوام متحدہ میں خطاب کے دوران وزیر اعظم عمران خان کے جرات مندانہ موقف کو سراہا ہے ۔ اس موقع پرمفتی احمد علی ثانی ،مولانا عبدالرب امجد اور عرفان الحق قادری بھی موجود تھے ۔