لاہور(رپورٹ:قاضی ندیم اقبال) نئے ہجری سال محرم الحرام 1441 کے آغاز سے 5روز قبل ’’اتحاد بین المسلمین کمیٹی پنجاب‘‘ کا ہنگامی اجلاس طلب۔ ایوان وزیر اعلی میں آج ہونے والے اہم ترین اجلاس کی صدارت وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کریں گے ۔ جبکہ کمیٹی کے چیئر مین صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور صاحبزادہ سید سعید الحسن شاہ، صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور راجہ بشارت، چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھربھی اجلاس میں موجود ہوں گے ۔ کسی کے مسلک کو چھیڑو نہیں اور اپنے مسلک کو چھوڑو نہیں کے فارمولے پر سختی سے عمل پیرا رہتے ہوئے مسلکی کشیدگی کے خاتمہ، بین المسالک اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ، ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز پر علماء مشائخ کے دوروں کا شیڈول منظور کرنے کے علاوہ محرم الحرام کے دوران ہر ممکنہ طور پر قیام امن کے لئے علماء مشائخ کی صوبائی سطح سے تحصیل سطح پر ڈیوٹیاں لگانے ، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، پولیس فورس کے سربراہ سمیت دیگر دفاتر میں کنٹرول رومز بنا کرمحکمہ داخلہ پنجاب سے لنک کرنے ، ماتمی و شبیہ ذولجناح و تعزیہ بردار جلوسوں کی مانیٹرنگ اور حفاظت کے لئے علماء مشائخ کے کردار کی بابت معاملات زیر بحث لائے جائیں گے اور حکمت عملی وضع کی جائے گی ۔ذرائع کے مطابق سیکرٹری اوقاف ذوالفقار احمد گھمن، ڈپٹی سیکرٹری اوقاف آفتاب احمد خان اور ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری سرکاری تعطیل کے باوجود اس ضمن میں متحرک رہے ۔ انہوں نے بذات خود آئی بی ایم کمیٹی میں شامل ممبران سے رابطہ کر کے انہیں اجلاس کے ایجنڈے کی بابت آگاہی دی ۔اجلاس میں چاروں مسالک کے 76علماء مشائخ اور خواتین ممبران کے علاوہ سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری اوقاف، انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس، ایڈیشنل آئی جی پولیس پنجاب (سپیشل برانچ)، ایڈیشنل آئی جی پولیس(سی ٹی ڈی )پنجاب، ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور، خطیب جامع مسجد داتا دربار، خطیب بادشاہی مسجد، صوبائی خطیب اول و دوئم پر مشتمل 10رکنی حکومتی ممبران بھی اجلاس میں شریک ہوں گے ۔