لاہور، ملتان ، اسلام آباد، کراچی (اپنے رپورٹر سے ، اپنے سٹاف رپورٹر سے ، کرائم رپورٹر، سپیشل رپورٹر، جنرل رپورٹر، وقائع نگار خصوصی ) لاہور سمیت پنجاب اور ملک بھر میں نئے سال کا بھرپور استقبال کیا گیا، رات 12 بجتے ہی آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا، منچلے سڑکوں پر نکل آئے اور ہلا گلا شروع کردیا،شہر گولیوں کی تڑتڑاہٹ سے گونج اٹھا، سڑکوں پر سڑکوں پر سیر و تفریح کے علاوہ گھروں میں بھی دعوت کا اہتمام کیا گیا، لاہور کی شاہراہوں پر نیو ایئر نائٹ منائی جاتی رہی، کئی مقامات پر آتشبازی کی گئی، شدید سردی میں گھروں کی چھتوں پر شہریوں نے جہاں آتشبازی کا مظاہرہ کیا وہیں باربی کیو اور فش پارٹی کے مزے بھی اڑائے ، پولیس اور منچلوں کی آنکھ مچولی جاری رہی، کئی موٹر سائیکلیں تھانوں میں بند کردی گئیں، لڑکے مال روڈ، فیروز پور روڈ پر نکل آئے ، شہر کے بعض علاقوں میں میں نجی پارٹیوں کا اہتمام کیا گیا، سالگرہ منانے کے بہانے مہمانوں کو مدعو کیا گیا، بعض پارٹیوں میں ایک ہزار سے 10 ہزار روپے کا دعوت نامہ فروخت بھی ہوا، ہوٹلوں اور گیسٹ ہاؤسز میں شراب کی محفلیں چلتی رہیں، پولیس گاڑیوں میں فیملیوں کو تنگ کرنے اور منچلوں کو جیل کی ہوا کھلانے میں مصروف رہی۔ لاہور میں نئے سال کی آمد پر ریسکیو کے تمام ضلعی کنٹرول روم ہائی الرٹ رہے اور بروقت ریسکیو سروس کو فراہم کی گئی ، ون ویلنگ کا ریکارڈ رکھنے والے 465 افراد سے شورٹی بانڈز لئے گئے ، 339 موٹر سائیکل مکینکس، 112 فارم ہاوسز نے شورٹی بانڈ جمع کرا دیے ، ہوائی فائرنگ کار ریکارڈ رکھنے والے 181 افراد سے بھی ضمانتیں طلب کی گئی تھی۔ لاہور اور پنجاب بھر میں ضلعی کنٹرول رومز ہائی الرٹ رہے ، کراچی، اسلام آباد ، ملتان اور دیگر شہروں میں بھی 12 بجتے ہی آتشبازی کی گئی،لوگ سڑکوں پر نکل کر رقص کرتے رہے ، ملتان میں ون ویلنگ اور ہوائی فائرنگ پر 100 سے زائد منچلوں کو گرفتار کیا گیا، نئے سال کی آمد پر شہریوں نے مساجد میں نوافل ادا کئے اور ملکی سلامتی کے لئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں ۔اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں دفعہ 144 نافذ رہی ، کراچی میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ختم کردی گئی، اسلحہ کی نمائش کی گئی ، آتش گیر مادہ رکھنے ، ون ویلنگ پر پابندی بدستور جاری رہی، صدر مملکت عارف علوی، وزیر اعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، قائد حزب اختلاف شہباز شریف، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور دیگر سیاستدانوں اور رہنماؤں نے قوم کو نئے سال کی مبارک باد دی، شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا خدا کرے 2020 غربت، مہنگائی، بیروزگاری، معاشی بدحالی اور سماجی برائیوں کے خلاف ’’ٹوئنٹی ٹونٹی‘‘ ثابت ہو۔ افسوس 2019ملک وقوم کے لئے اچھا ثابت نہیں ہوا، قوم کے مصائب بڑھے ، خدا کرے نیا سال کشمیر کی آزادی کا سورج بن کر طلوع ہو، دعا ہے فلسطین سمیت تمام مظلوموں کوان کا حق ملے ۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے نئے سال کی شروعات پر قوم کے نام اپنے تہینی پیغام میں امید کا اظہار کیا ہے کہ سال 2020 پاکستان میں معاشی ترقی میں اضافہ ہوگا، ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا خوش قسمتی ہے کہ پاکستان کی بھاگ دوڑ اس وقت وزیرِ اعظم عمران خان کی صورت میں ایک ایماندار ، نڈر اور بے باک قیادت کے ہاتھ میں ہے ، ، وزیر ماحولیات پنجاب محمد رضوان نے نئے سال کی مبارکباد کے پیغام میں کہا ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانا حکومت یا کسی اکیلے فرد کا کام نہیں ۔ وزیر صنعت وتجارت پنجاب میاں اسلم اقبال نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا نئے سال میں پنجاب میں صنعتی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔