لاہور،راولپنڈی،فیصل آباد،سرگودھا(جنرل رپورٹر، سپیشل رپورٹر،وقائع نگار، سٹاف رپورٹر، رپورٹر 92نیوز ) لاہور سمیت پنجاب بھر کے تعلیمی بورڈ نے انٹرمیڈیٹ کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ پروموشن پالیسی کے تحت 11 ویں جماعت کے تمام بچے 12ویں کلاس میں پروموٹ کر دیئے اور12 ویں جماعت کے بچے بھی پروموٹ کر دیئے گئے ۔ ایک لاکھ 64 ہزار 906بچوں نے امتحان کے لیے اپلائی کیا ،1لاکھ 63 ہزار 969 پاس ہو گئے ،کامیابی کا تناسب 99.43 فیصد رہا۔تمام تعلیمی بورڈز نے رواں سال انٹرمیڈیٹ کے طلبہ کو پوزیشنز کے بجائے گریڈز دئیے ہیں۔ 880 یا اس سے زیادہ نمبر لینے والے طلبہ کو گریڈ اے پلس ،770 سے 879 تک نمبرز لینے والے طلبہ کو گریڈ اے ،660 سے 769 نمبرز لینے والے طلبہ کا گریڈ بی ہوگا۔550 سے 659 نمبر والے طلبہ کا گریڈ سی ،440 سے 549 نمبر لینے والے طلبہ کو گریڈ ڈی دیا گیا ۔440 یا اس سے کم نمبر لینے والے طلبہ کو گریڈ ای دیا گیا ہے ۔ چیئرمین لاہور تعلیمی بورڈ ریاض ہاشمی نے کامیابی حاصل کرنے والے طالب علموں کو مبارک دیتے ہوئے اُن کے مستقبل کے تعلیمی سفر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے ۔انٹر نتائج میں نجی کالج کے طالب علم عبدالرحمٰن نے 1100 میں سے 1081 نمبر لے کر مجموعی طور پر سب سے زیادہ نمبر حاصل کیے ۔ نجی کالج کے ہی ابراہیم فیض نے 1078 نمبر حاصل کر کے دوسرے اور نجی کالج کی ہی منیبہ منور نے 1077 اور گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے عبد الواحد نمبر لے کر تیسرے نمبر پر رہے ۔ انہوں نے مجموعی طور پر غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق تیسری پوزیشن حاصل کی۔ علاوہ ازیں پنجاب بورڈ کمیٹی چیئرمین کی جانب سے پارٹ ٹوکیلئے خصوصی امتحان کا شیڈول جاری کردیا گیا ۔امتحان 10 اکتوبر سے شروع ہونگے ۔دوسری طرف راولپنڈی بورڈ کے نتائج کے مطابق امتحان میں کل 71783 امیدواروں نے داخلہ بھجوایا، جن میں 37319طالبات اور 24118طلباء شامل تھے ،ان سب کو حکومتی احکامات کی روشنی میں پاس کر دیا گیاہے ۔سرگودھا بورڈ میں کامیابی کا تناسب 89.51 فیصد رہا،بورڈ کی طرف سے 6ہزار 129 امیدواروں کو سپیشل امتحان دینے کی ہدایت کر دی گئی۔فیصل آباد بورڈ میں کامیابی کا تناسب 87 اعشاریہ 7 فیصد رہا۔