نیویارک (صباح نیوز) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹریس نے پاک بھارت تعلقات کی بحالی پر زور دیتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان معنی خیز مذاکرات کیلئے امید کا اظہار کیا ہے ۔اقوام متحدہ ہیڈکوارٹرز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹریس نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت کی جانب سے متعدد مرتبہ امن اور مذاکرات کی بات کئے جانے کے باوجود بھارت کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ میں اپنے دفتر کو دونوں ملکوں میں مذاکرات کے آغاز کے سلسلے میں پیش کرتا رہا ہوں لیکن اب تک کوئی کامیابی نہیں ہوئی۔ مجھے امید ہے کہ بین الاقوامی معاملات میں اپنی اہمیت کے پیش نظر پاکستان اور بھارت معنی خیز مذاکرات کا راستہ اختیار کریں گے ۔انہوں نے مزید کہا ہائی کمشنر فار ہیومن رائٹس نے حال ہی میں کشمیر کے حوالے سے ایک بہت تفصیلی رپورٹ تیار کی ، لہذا اقوام متحدہ نے واضح طور پر اپنا کردار نبھایا ہے ۔