لاہور ،اسلام آباد(اپنے نیوز رپورٹر سے ،خبر نگار خصوصی،سٹاف رپورٹر، این این آئی) مسلم لیگ (ن) لاہور کے زیر اہتمام مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے اورشاہدرہ،بادامی باغ، کوپ سٹور،شالامار چوک، داروغہ والا چوک، جوڑا پل، سمن آباد چوک ، ٹھوکر نیاز بیگ، بنک سٹاپ فیروز پور روڈ،اچھرہ ،ٹاؤن شپ، والٹن روڈ، رائیونڈ، مزنگ میں احتجاجی کیمپ لگائے گئے ۔ مرکزی رہنماؤں اور کارکنوں نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی اور وزیر اعظم سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ۔ حکومت کے خلاف آٹا چور چینی چور ۔دوائیاں چور اور پیٹرول چور گو عمران گو۔ مک گیا تیرا شو عمران گو عمران گو عمرانکے نعرے لگائے گئے ۔احتجاجی کیمپوں سے خطاب کرتے ہوئے ایاز صادق، خواجہ عمران نذیر اور رانا مشہودنے کہا عمران نیازی اب آپکے گھبرانے کا وقت ہے ، ن لیگ ملک کیساتھ مزیدکھلواڑ نہیں ہونے دیگی۔ادھراحسن اقبال نے کشمیر کے معاملے پر قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے مائنس ون نہیں بلکہ مائنس پی ٹی آئی ہونے والا ہے ،’’فرینڈز آف خان‘‘ کی رخصتی قریب ہے ، یہ ملکی تاریخ کی کرپٹ ترین حکومت ہے ۔پارلیمنٹ لاجزاسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا وزیراعظم اپنی انا کی وجہ سے پاکستان کی بدنامی کر رہے ہیں، اپوزیشن نہیں بلکہ حکمران خود کو اپنے کارناموں کی وجہ سے مائنس کر رہے ہیں، ہوائی قسم کے حکمرانوں نے تباہی کی،حکومتی کارکردگی نے ہر ادارے پر سوال کھڑا کر دیا، طیارہ حادثے کی وجہ سے پوری دنیا میں پاکستان کی جگ ہنسائی ہوئی حکومت گلگت بلتستان میں دھاندلی بند کرے ۔وفاقی حکومت سے کہا گیا تھا کہ کشمیر پر اسلامی ممالک کواکٹھا کیا جائے لیکن بھارت کو سلامتی کونسل کا رکن منتخب ہونے میں کلین چٹ دی گئی، حکومت نے کشمیر پر تقریروں کے سوا کچھ نہیں کیا ،وزیر اعظم کو امریکی صدر اور برطانوی وزیر اعظم کو فون کر ناچاہئے تھا،سپریم کورٹ مہنگی چینی خریدنے پر از خود نوٹس لے ، ہم درخواست دائر کرینگے ۔ شاہد خاقان عباسی نے کہاچینی پچاسی روپے میں بک رہی ہے اور حکومت کو پروا نہیں،یوٹیلٹی سٹورمیں عمران خان نے دیگر محکموں کی طرح اپنے دوستوں کو لگایا ہوا ہے ، حکومت جائیگی تو پتہ چلے گا کہ کس قماش کے لوگ ہیں۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں سعد رفیق نے کہاحیرت ہے وزیر اعظم مائنس ون کی اطلاع دے رہے ہیں،اگر عمران خان کو گرانا ہے تو اس کے بعد کیا کرنا ہے ہمیں یہ سوچنا ہوگا،یہ ملک کو جس نہج پر لے گئے ہیں کیا کوئی اس حال میں ملک لے گا ،شکست تسلیم کریں اور کہیں ہم سازش کرکے اور دھوکہ دے کر اقتدار میں آئے ، حکمران دوسروں کوچور کہتے تھے لیکن ان کی اپنی جماعت میں سے چور نکل رہے ہیں، جعلی جمہوریت نے عوام کی چیخیں نکلوا دی ہیں، وزیر کے بیان کے بعد پوری دنیا میں پی آئی اے کا کیا حال ہوا، ہر جمعے کو کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کہاں گئی۔ایک انٹرویو میں اسحاق ڈار نے کہاعمران خان قرضوں سے متعلق عوام کو ’مِس گائیڈ‘کر رہے ہیں ،ہر حکومت پچھلی حکومت کے قرضے واپس کرتی ہے ، موجودہ حکومت نے 10ہزار200ارب قرضوں میں اضافہ کیا۔ رانا ثنااﷲ خان نے کہاعمران خان ملکی مسائل کی جڑ اور قومی اتفاق رائے میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں، چھ ارکان کی وزیر اعلی سے ملاقات والے وہی لوگ ہیں جو سال پہلے بھی ان سے ملاقات کرنے گئے ، اگر یہی ان کی کارکردگی ہے تو جلد ساٹھ سے ستر لوگ پی ٹی آئی چھوڑ کر دوسری طرف آ جائیں گے ۔