سکھر (92 نیوزرپورٹ،بیورورپورٹ ،مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے دعوی ٰکیا ہے کہ آئندہ حکومت پیپلز پارٹی کی ہوگی، نئے پاکستان کے نام پر نئی آمریت کا ملکر مقابلہ کرینگے ،صادق سنجرانی کو اخلاقی طور پر استعفیٰ دینا چاہیے کیونکہ وہ ہمارا اعتماد کھوچکے ہیں ،دہشت گردوں کا انٹرویو چل سکتاہے لیکن سابق صدر کانہیں ، جمہوریت پسند سوچ رکھنے والوں کیخلاف انتقامی کارروائی ہورہی ہے ۔سکھر پریس کلب میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی،ان لوگوں کا بھی مقابلہ کرینگے جو50لاکھ گھروں کا وعدہ کرکے غریبوں کی جھونپڑیاں گرادیتے ہیں،آج بینظیر کا نام ہٹا کر احساس احساس کہا جارہا ہے ، یہ احساس کے نام پر مذاق ہے ، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ختم کرنے کی پوری کوشش کی مگر آئی ایم ایف نے بھی کہہ دیا کہ یہ پروگرام ختم نہیں کرنے دینگے ، حکومت اٹھارویں ترمیم اور این ایف سی ایوارڈ پرحملہ کرے گی اور ہم سب مل کر اس کادفاع کریں گے جبکہ بلاول نے 13 جولائی کو سکھر سے پنجاب بارڈر تک ریلی کے بعد واپسی کا فیصلہ مؤخر کردیا، پارٹی ذرائع کے مطابق وہ 18جولائی تک سکھرمیں ہی قیام کرینگے ، مختلف اضلاع کا دورہ ، اہم سیاسی ملاقاتیں کرینگے ۔گھوٹکی میں اہل علاقہ نے بلاول بھٹو کی گاڑی روک لی ، بلاول بھٹو میرپورماتھیلوجا رہے تھے ۔اہل علاقہ کے مطابق ہمارے 5افراد نہر میں ڈوب گئے ،انتظامیہ مدد کونہیں آئی ، مقامی انتظامیہ کی جانب سے مددکی یقین دہانی کے بعداہل علاقہ نے راستہ چھوڑدیا۔