لاہور(سلیمان چودھری)پنجاب کو پولیو سے پاک کرنے کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکا،شمالی علاقہ جات میں بچوں کو معذور کرنے کے بعد پولیو وائرس ٹائپ ٹو نے پنجاب کا بھی رخ کر لیا ۔رواں سال ٹائپ ٹوکی وباء کے باعث پہلا کیس پنجاب سے رپورٹ ہو گیا،کھیالی شاہ پور ضلع گوجرانوالہ کا رہائشی 2 سالہ بچہ اس ٹائپ ٹو سے معذور ہو گیا ، پاکستان میں ٹائپ ٹو نے اب تک 12 بچوں کو متاثر کیا ہے ، پنجاب میں لاہور سے ایک اور روالپنڈی سے تین ماحولیاتی نمونوں میں ٹائپ ٹو وائرس بھی پایا گیا، لاہور کے نمونہ کا جینیاتی تعلق دیامیر اور روالپنڈی کے ماحولیاتی نمونوں سے ثابت ہوا ہے ، پنجاب میں ٹائپ ون سے رواں سال 5کیسز پہلے ہی رپورٹ ہو چکے ہیں ، ذرائع کے مطابق ویکسین ڈرائیورڈ پولیو وائرس ٹائپ ٹو پاکستان کے شمالی علاقہ جات میں موجود تھا ، خیبر پختوانخواہ سے 6، گلگت بلتستا ن سے 4اور اسلام آباد سے ایک کیس رپور ٹ ہوا ، واضح رہے پاکستان میں اس وقت وائلڈ پولیو وائرس ٹائپ ون موجود ہے اور اس کے 94کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں ، ٹائپ ٹو سے متاثرہ بچے نے 6 دفعہ پولیو وائرس سے بچاو کے قطرے پیئے تھے ، انجکشن کے ذریعے پولیو کا کوئی ٹیکہ اس بچے کو نہیں لگایا گیا، پولیو نے بچے کے دائیں جسمانی حصہ کو معذور کیا ہے ، ڈائریکٹر ایمرجنسی آپریشن سنٹر برائے پولیو سلمان غنی نے ٹائپ ٹوپولیو وائرس سے متاثرہ کیس رپورٹ ہونے کی تصدیق کی ۔