پشاور(خبرنگار)بی آر ٹی منصوبہ کیخلاف پیپلز پارٹی نے سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے خلاف نیب جانے کا اعلان کردیا ہے ، پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا کا ریفرنس دائر کرنے کیلئے کل نیب کو درخواست دیگی۔ پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری فیصل کریم کنڈی نے میڈیا کو بتایا کہ صدر پی پی خیبرپختونخوا ہمایوں خان اور وہ نیب کو درخواست دیں گے کیونکہ بی آر ٹی منصوبہ عوام کیلئے عذاب اور صوبے کے خزانے پر بوجھ بن چکا ہے ، اتنا بڑا منصوبہ بغیر کسی منصوبہ بندی کے شروع کر کے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا، بی آر ٹی منصوبے میں کمیشن اور کک بیکس کے بھی الزامات سامنے آئے ہیں، انصاف اور قانون کی بالادستی کی بات کرنے والوں نے اس منصوبے کا ٹھیکہ اقربا پروری کے تحت تمام قوانین کو بالاطاق رکھتے ہوئے دیا ، سابق وزیر اعلی ٰپرویز خٹک نے بی آر ٹی دیگر میٹرو منصوبوں سے کم قیمت پر بنانے کا اعلان کیا تھا، چھ ماہ میں مکمل ہونے والا منصوبہ ڈیڑھ برس گزرنے کے باوجود مکمل نہیں ہو سکا، وقت کے ساتھ ساتھ منصوبے کی لاگت اربوں روپے بڑھ چکی ہے ، نیب ریفرنس دائر کرکے ملزموں کو گرفتار کرے ، نیب کی منصوبے میں کرپشن پر خاموشی معنی خیز ہے ، نیب نے کارروائی نہ کی تو دیگر فورمز پر بھی معاملا ت اٹھائیں گے ۔