لاہور(حافظ فیض احمد)ملک میں منی لانڈرنگ ، کرپشن، بے نامی جائیدادوں اور دیگر بے ضابطگیوں کے کیس سامنے آنے اور ملزمان کی گرفتاریوں کا سلسلہ شروع ہو نے پر تمام ایئر پورٹس پر ایف آئی اے امیگریشن حکام کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی گئی ہے اور اس حوالے سے کہا گیا کہ سیا ستدانوں ، سرکاری افسروں اور دیگر افراد کے نام ای سی ایل یا بلیک لسٹ میں شامل کیے گئے ہیں ان پر کڑی نظر رکھی جائے تا کہ کوئی بھی ملی بھگت سے بیرون ممالک فرار ہو نے میں کامیاب نہ ہو سکے ، ذرائع کے مطابق جن سیا ستدانوں، سرکاری ملازمین اور دیگر افراد کے خلاف منی لانڈرنگ کا الزام ،بے نامی جائیدادیں ، آمدن سے زائد اثاثہ جات بنانے اور ٹھیکوں میں گھپلوں کے الزامات میں مقدمات یا ا نکوائریاں چل رہی ہیں اور ان کے نام ای سی ایل اور بلیک لسٹ میں شامل ہیں ان کو آف لوڈ کرکے قانونی کارروائی کرنے کا حکم دیدیا گیا ہے ، اہم شخصیات کیخلاف انکوائریوں کے تناظر میں امیگریشن حکام کو 24 گھنٹے الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے ، حکام کو بلیک لسٹ میں شامل افراد کے تمام شناختی کارڈ، پاسپورٹ اور دیگر کوائف بھی فراہم کر دیے گئے ہیں ، ذرائع کے مطابق محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے بعض سیا ستدانوں کی بے نامی جائیدادوں اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کے حوالے سے مزید شواہد حاصل کر لئے ہیں۔