لاہور(بابر علی) واسا لاہور نے اپنے سروس ایریا میں نئے تعمیر ہو نے والے گھروں میں زیر زمین واٹر ٹینک لازمی قرار دینے کے لئے اقدامات شروع کر دیے ہیں ۔ اس حوالے سے سفارشات پنجاب حکومت کو بھیج دی گئیں ہیں جبکہ اس اقدام کو موثر بنانے کیلئے واسا نے اپنے قانون میں ترمیم بھی تجویز کر دی ہے ۔ ذرائع کے مطابق واسا لاہور کی جانب سے پنجاب حکومت کو سفارشات بھیجی گئی ہے کہ پانی کے تحفظ کے پیش نظرنئے تعمیر ہو نے والے گھروں میں زیر زمین واٹر ٹینک کو لازمی قرار دیا جائے ، ایل ڈی اے کے ساتھ ساتھ میٹرو پولیٹن کارپوریشن کو بھی اس کا پابند کیا جائے کہ وہ نقشہ منظور کر تے وقت زیر زمین واٹر ٹینک کی تعمیر کو یقینی بنائیں۔ اس کے ساتھ واسا حکام نے اس عمل کو یقینی بنانے کے لئے اپنے ایکٹ میں ترمیم کی بھی تجاویز دی ہیں ، کیونکہ واسا حکام نے بھی نئے گھر کو واٹر ٹینک تعمیر کر نے کی صورت میں ہی کنکشن دینے کی منصوبہ بندی کی ہے ۔ اس حوالے سے قائم مقام ایم ڈی واسا اسلم خان نیازی نے ’روزنامہ 92نیوز‘سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زیر زمین واٹر ٹینک تعمیر ہو نے سے شہری پانی سٹور کر سکیں گے ، جس کے بعد ٹیوب ویلوں کو چلانے کے دورانیہ میں مزید کمی کر دی جائے گی۔ زیر زمین پانی کے تحفظ کے پیش نظر یہ سفارشات پنجاب حکومت بھیجوائی ہیں۔ پانی کے تحفظ کے لئے مطلوبہ اقدامات نہ کیے گئے تو 2025 ء کے بعد صورتحال سنگین ہو جائے گی۔