ماسکو،بیجنگ،تہران (این این آئی،صباح نیوز) روس کے لڑاکا طیاروں نے امریکا کے جہاز کو بحیرہء روم میں روک کر پیچھے ہٹا دیا ۔ چین بھی ڈیجیٹل کرنسی سے ڈالر پر وار کیلئے تیار ہے جبکہ ایران کا کہنا ہے کہ واشنگٹن کے جنگی جنون کے مقابلہ کاوقت آگیا ہے ۔این این آئی کے مطابق امریکی بحریہ نے 2 روسی ایس یو 35 لڑاکا طیاروں کے ذریعے بحیرہء روم میں امریکی بحریہ کے P-8Aپوسائیڈن جہاز کو روکنے کا الزام عائد کیا ہے ،روسی بحریہ کے حکام کا کہنا ہے کہ امریکی بحری جہاز کا بحیرہء روم کے مشرق میں داخلہ غیر محفوظ تھا، پرواز کے دوران امریکا اور روس کے طیارے آمنے سامنے آ گئے تھے ، روسی لڑاکا طیاروں نے امریکی طیارے کو گھیر کر پیچھے ہٹا دیا،واضح رہے کہ گزشتہ روز بحیرہء روم میں امریکی جہاز کو روکنے کا یہ 2 ماہ میں تیسرا واقعہ ہے ۔دریں اثنا چین 2022 میں ایک ڈیجیٹل یوآن کرنسی لانا چاہتا ہے جس کا نام ای آر ایم بی رکھا گیا ہے ۔ 2022 میں چین جانے والے لوگوں کو اس نئی ڈیجیٹل کرنسی میں خرید و فروخت یا لین دین کرنا پڑ سکتا ہے ۔یہ ایسی کرنسی ہوگی جو نظر نہیں آئے گی اور نہ ہی آپ اسے نوٹوں کی طرح ہاتھ میں پکڑ سکیں گے اور یہ کوئی خیالی بات نہیں ہے ۔ایسے وقت میں جب دنیا کا ہر ملک کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لیے جدوجہد کر رہا ہے چین ڈیجیٹل یوآن پر پائلٹ پروجیکٹ لانچ کرنے میں مصروف ہے۔