اسلام آباد (سپیشل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک )وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ترجمان کے اہم اجلاس کاانعقاد کیاگیا،اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا،جے یو آئی کے آزاد ی مارچ سے متعلق بھی تبادلہ خیال اور اپوزیشن کے احتجاج سے متعلق مشاورت بھی کی گئی۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیر اعظم کے دورہ چین، ایران ،سعودی اور ملکی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔وزیر اعظم نے دورہ چین سے متعلق بھی اعتماد میں لیا، وزیر اعظم نے کہا کہ دورہ چین کامیاب رہا، مسئلہ کشمیر پر چین ہمارے ساتھ ہے ۔ارکان نے کہا کہ وزیر اعظم کی کامیاب سفارتکاری سے پاکستان عالمی تنہائی سے نکل چکا ہے ۔دورہ چین میں گارڈ آف آنر اور غیر معمولی پروٹوکول دیکھنے میں آیا۔ارکان نے سوال کیا کہ جے یو آئی سے مذاکرات کیلئے کمیٹی قائم کی گئی ہے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ کمیٹی کے قیام کی ابھی ضرورت نہیں ، بات چیت کا آپشن کھلا ہے ،اگر کوئی خود بات کرنا چاہتا ہے تو دروازے بند نہیں ۔مدرسہ ریفارمز سمیت اہم ایشوز پر بات کرنا چاہے تو اعتراض نہیں ،کسی کو قانون توڑنے کی اجازت نہیں دے سکتے ۔ وزیراعظم عمران خان سے مشیر برائے اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ڈاکٹر عشرت حسین نے وزیراعظم کو پاکستانی معیشت پر اپنی کتاب کا دوسرا ایڈیشن پیش کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے ڈاکٹر عشرت حسین کی کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عشرت کی تصنیف ملکی معیشت سمجھنے میں معاون ثابت ہو گی ۔ معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے بھی کو وزیراعظم سے ملاقات کی ہے اور کامیاب جوان منصوبے سے متعلق بریفنگ دی۔کامیاب جوان پروگرام کی افتتاحی تقریب 17اکتوبر کو ہوگی۔ پروگرام کے تحت پہلے مر حلے میں نوجوانوں کو ایک لاکھ سے پانچ لاکھ روپے تک آسان شرائط پر قرضے دیئے جائیں گے ۔