لاہور(نمائندہ خصوصی سے )امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے کشمیر پر تقریر کے بعد دوسری تقریر کی تیاری کے سوا کچھ نہیں کیا۔ قوم وزیر اعظم کے دوسرے بہت سے دعووں اور وعدوں کی طرح اقوام متحدہ کی تقریر میں کئے گئے دعوئوں پر عمل درآمدکے بھی منتظر ہیں۔ جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوتا خطے میں امن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آزادی کشمیر یوں کا مقدر ہے اور بھارت کو ایک دن کشمیر سے نکلنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کو اپنے مسائل کے حل کیلئے خود اٹھنا ہوگا۔ علاوہ ازیں مجلس عاملہ کے اجلاس میں تشویش کا اظہار کیا گیا کہ حکومت اپنے تیرہ نکاتی معاشی ایجنڈے کے کسی ایک نکتے پر بھی عملی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکی۔ ناقص معاشی پالیسیوں کا خسارہ معاشرے کے غریب طبقے کو بھگتنا پڑ رہاہے ۔ روپے کی قدر میں 43%کمی سے مہنگائی کی شرح 11فیصد سے بھی تجاوز کرگئی ہے ، عوام کو بے روزگاری سے بچانے کے لئے حکومت کو غیرسودی قرضے دینے چاہئیں، مجموعی قومی پیداوار کی شرح نمو کے بارے میں وفاقی وزیر کی تقریر اور سٹیٹ بینک کی رپورٹ کے اعدادوشمار میں فرق ہے ۔ حکومت نے سرکاری اداروں میں نچلی سطح کی آسامیاں ختم کردی ہیں جو انتہائی قابل مذمت اقدام ہے ۔