کراچی(سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ 7 سال سے سندھ کو وفاق نے کوئی نئی اسکیم نہیں دی، وفاق سے بات کرو تو لگتا ہے بہروں سے بات کررہا ہوں، ہماری کوئی بھی بات سننے کو تیار نہیں۔ ایکسپو سینٹر ہال نمبر 3 میں ویکسینیشن سینٹر کے افتتاح پر خطاب میں انہوں نے کہا کہ سندھ میں اب تک 13 لاکھ افراد کی ویکسی نیشن کی جاچکی، 90 فیصد فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو ویکسین لگ چکی ہے ، ان سرکاری ملازمین کی تنخواہیں بند کی جائیں گی، جو رواں ماہ ویکسین کرانے میں ناکام رہیں گے ، دکاندار، ٹرانسپورٹ ورکرز، اساتذہ کیلئے ویکسین لازمی قرار دی گئی ہے ، کورونا پابندیوں کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ، پابندی سے قبل شرح 17 فیصد تھی، جو اب 11 فیصد رہ گئی ہے ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ موجودہ وفاقی حکومت سندھ کے ساتھ تعصب کررہی ہے ، اس بار بھی بجٹ میں سندھ کو نظر انداز کیا جارہا ہے ، پنجاب میں سڑکوں کے منصوبوں کیلئے وفاق نے فنڈ دیا، ہمیں پنجاب، پختونخوا، بلوچستان کی ترقی پر خوشی ہے لیکن سندھ کے ساتھ ایسا سلوک کیوں؟ ۔ ان کے ہمراہ وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو، وزیر اطلاعات ناصر شاہ، مشیر قانون مرتضیٰ وہاب بھی تھے ۔