اسلام آباد(سپیشل رپورٹر ،92 نیوز رپورٹ، نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک)چیئرمین تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آج مینار پاکستان کا جلسہ تاریخ رقم کریگا، انتظامیہ رکاوٹیں پیدا کرنے کی حماقت سے گریز کرے ، عوام کے سمندر کو قید کرنا ممکن نہیں۔ غیر فطری امپورٹڈ حکومت سے حالات نہیں سنبھل رہے ۔ انواع و اقسام کے جرائم میں ملوث ملزموں کو وفاقی کابینہ میں بھرتی کر کے جمہوریت کا چہرہ مسخ کرنے کی کوشش کی گئی ۔گزشتہ روزبنی گالہ میں تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اپنے خطاب میں عمران خان نے مزید کہا کہ پاکستان اپنی تاریخ کے اہم ترین دور اور مقام پر کھڑا ہے ۔ قوم قیادت سے آگے نکل کھڑی اور بیرونی سازش و خود مختاری پر حملے پر نگاہیں جمائے بیٹھی ہے ، غیر فطری امپورٹڈ حکومتیں کھڑی کرنے سے نہیں، شفاف انتخاب کے ذریعے عوام کو مستقبل کے فیصلے کا حق دینے سے پاکستان آگے جائیگا۔اجلاس میں مینار پاکستان پر اجتماع عام کی تیاریوں ، سیاسی صورتحال خصوصاً حکومت کی تشکیل و ڈھانچے کا جائزہ لیا گیا جبکہ بڑی تعداد میں ملزموں کی وفاقی کابینہ میں شمولیت پر شدید تحفظات کا اظہار کیاگیا۔ پی ٹی آئی نے ملک میں بلا تاخیر عام انتخابات کے انعقاد کے اعلان کا مطالبہ کیا۔دریں اثنا عمران خان سے وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے ملاقات کی، عمران نے ان کو وزیر اعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ علاوہ ازیں سوشل میڈیاپرعوام سے براہ راست گفتگوکرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پرویز مشرف نے نوازشریف اور زرداری کو این آر او دے کر بہت بڑی غلطی کی تھی،اگر اب نوازشریف کو این آر او ٹو دیاگیاتو پوری قوم کو سڑکوں پر نکالونگا۔حکومت کس طرح چلائی جاتی ہے اب پتہ چل گیا، حکومت میں ساراوقت اتحادیوں کی بلیک میلنگ میں گزرگیا، ہمارے ساتھ غداری کی گئی، سمجھوتے کرکے ہماری اتحادی حکومت چلی،ساڑھے تین سال زندگی کے مشکل سال تھے ، بڑے سبق سیکھے ،اصلاحات اورقانون کی حکمرانی کی کوشش کی،بجٹ پاس کراناعذاب ہوتاتھا،قانون سازی میں لوگوں کی دلچسپی نہیں تھی، دلچسپی صرف ترقیاتی فنڈزمیں ہوتی تھی۔ عوام سے درخواست ہے کہ دوتہائی اکثریت دلائیں تاکہ طاقتورحکومت ہو، اوورسیزپاکستانیوں کارجیم چینج کیخلاف احتجاج پرشکریہ اداکرتاہوں۔فوج کے ادارے کیخلاف کبھی بات نہیں کرنی چاہئے ،فوج نہ ہوتی تو ملک کے تین ٹکڑے ہوچکے ہوتے ۔عمران خان سے زیادہ ملک کو فوج کی ضرورت ، ہمیشہ اس ادارے کی مضبوطی کیلئے کام کرناچاہئے ۔نوازشریف اور آصف زرداری نے ہمیشہ فوج کیخلاف باتیں کیں۔ اگر نواز شریف کو این آر او ٹو ملا تو انصاف کا سارا سسٹم ڈس کریڈٹ ہوجائیگا جو کہ ملک کیلئے بہت ہی خطرناک،یہ لوگ قانون کواپنی مرضی کے مطابق چلائیں گے ، طاقتوراورغریب کیلئے الگ الگ قانون رکھیں گے ۔ آزاد عدلیہ کیلئے میں جیل بھی گیا،ان لوگوں نے 30 سال کرپشن کی مگر ہمارا نظام ان کو جیلوں میں نہیں ڈال سکا۔ 26سال مافیاکیخلاف جدوجہد کی،تبدیلی لانے کیلئے محنت کی تو ساراکرپٹ سسٹم، میرے خلاف اکٹھاہوگیا،کرپٹ مافیا،شوگرمافیاسمیت سب اکٹھے ہوگئے ۔ دو خاندان ملک پربادشاہت کرتے رہے ۔پہلی بارقوم میں احساس پیداہوا کہ بیرونی طاقت کے ذریعے حکومت بدلی گئی ،ہمارے سسٹم میں بیٹھے غداروں نے بیرونی طاقتوں کی بھرپور مددکی،یہ وہ لوگ ہیں جن پراربوں روپے کے کرپشن کیسزہیں،ایسے لوگ ملک پرمسلط ہوگئے جوکرپشن میں ملوث رہے ۔ چیف الیکشن کمشنربہت ہی زیادہ اینٹی پی ٹی آئی ہیں، اسکے تمام فیصلے ہمارے خلاف آئے ،یہ غیرملکی فنڈنگ کیس نہیں باہربیٹھے پاکستانیوں نے پیسے بھیجے ،ہم کہہ رہے کہ تینوں جماعتوں کے کیسوں کاموازنہ کریں، تینوں جماعتوں کی اکٹھے تحقیقات ہونگی تو پی ٹی آئی ہی واحد پارٹی ہے جس کے پاس باقاعدہ ڈیٹا ہے ، باقی ان لوگوں سے فنڈ لیتے ہیں جن کیساتھ ملکر پیسے بناتے ہیں۔ پہلی دفعہ الیکشن کی پوری سائنس سمجھ کر الیکشن لڑیں گے ، اب حکمرانی کا طریقہ کار بھی سمجھ چکے ، پہلے اندازہ نہیں تھا کہ اداروں کے اندر کس قسم کے بحران ہیں۔ایک سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا اداروں کے اندر بھی انسان ہی ہیں،باہر کی سازش اس وقت تک کامیاب نہیں ہوتی جب تک اندر میر جعفر نہ بیٹھے ہوں۔ پورے ملک میں سب سے زیادہ کرپشن سندھ میں ہے ،زرداری مافیانے اندرون سندھ میں لوگوں کوغلام بنایاہوا،پولیس سے ڈرادھمکاکر حکومت کرتا۔اس بارالیکشن میں اندرون سندھ سے بھرپورانتخابی مہم چلائوں گا،سٹیٹس کومیں ہمیشہ مافیامیڈیاکواپنے ساتھ ملالیتاہے ،سوشل میڈیاکے ذریعے آج عوام کی آوازکوئی بندنہیں کرسکتا،جب بھٹو کو سازش کے ذریعے نکالا گیا تھا اس وقت سوشل میڈیا نہیں تھا، چاہے جو بھی خطرہ ہو ہر حال میں آج کے جلسے میں آئوں گا، مینار پاکستان کا جلسہ تاریخی ہوگا،گھبرانے کی ضرورت نہیں۔ شہبازشریف اورانکے بیٹوں ہر40ارب روپے کے کرپشن کیسزہیں،ایسے لوگ اقتدارمیں آجائیں توپاکستان کاکوئی مستقبل نہیں،مینارپاکستان سے آج تحریک کاپوری طرح آغازکرینگے ۔ مجھ پرمافیاز کادبائوتھا،کچھ لوگ جو ساتھ چلے انکولگتاتھاکہ اقتدارمیں آکراپنے بزنس کوفائدہ پہنچائیں گے ، جب ہم نے ایسے لوگوں کو روکنے کی کوشش کی تو مسئلہ ہوگیا،اگر زمین کی غیر قانونی خریداری کی گئی یا چینی کی قیمت یکدم 26 روپے بڑھ گئی تو ہم نے ساتھ نہیں دیا ، جب قانون پرعمل کرنے کی کوشش کی توان لوگوں نے خود کوبے نقاب کردیا۔ ایک سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا وہ وقت چلاگیاجب ذوالفقارعلی بھٹوکوبیرونی سازش کے تحت فارغ کیاگیا۔ ہم اتنے برے تھے توآپ کوالیکشن لڑنے میں کیاڈرہے ،یہ مجرموں کی حکومت ہے ،اگریہ جمہوری لوگ ہیں تواس سازش کے پیچھے کیوں چھپ رہے ہیں؟ کئی الیکٹیبلز ہمارے ساتھ کھڑے رہے ،کئی نے ذاتی مفادکی خاطرغداری کی۔ فارن فنڈنگ کیس میں پی ٹی آئی کو ڈس کوالیفائی نہیں کیاجاسکتا،دوسری پارٹیوں کی فنڈنگ دیکھی نہیں جارہی،ہمارے اوپرچڑھائی کی جارہی ۔پارلیمانی سسٹم تب چل سکتاہے جب ہارس ٹریڈنگ کاتصوربھی نہ ہو۔ پیپلز پارٹی اب اندرون سندھ اورمسلم لیگ ن وسطی پنجاب کی پارٹی رہ گئی، یہ دونوں خاندانی پارٹیاں، دونوں کے رہنمائوں پر کرپشن کیسز ہیں، مریم نواز، بلاول، حمزہ نے زندگی میں کوئی کام ہی نہیں کیا، یہ بادشاہ لوگ ہیں۔ مسلم لیگ کے سینئر لوگ مریم نوازکے پیچھے ہاتھ باندھ کر کھڑے ہوتے ۔ تحریک انصاف میں جو پرفارم کرتا ہے وہ اوپر آسکتا ہے ۔ نوازشریف، زرداری کا چوری کا پیسہ بیرون ملک پڑا ، یہ اس وجہ سے کشمیر کیلئے کوئی سٹینڈ نہیں لیتے ، کشمیریوں کا مقدمہ نہیں لڑسکتے ۔بدقسمتی سے مسلم ممالک نے گستاخانہ خاکوں پر یکجا ہوکر آواز نہیں اٹھائی، خوشی ہے ہماری حکومت نے وہ کام کیا جو کوئی اور حکومت نہیں کر سکی، شہبازشریف تو پہلے ہی قوم کو کہہ چکا ہے ہم بھکاری لوگ ہیں۔ اسامہ بن لادن کو مارنے پر زرداری نے جواب مانگنے کے بجائے مبارکباد دی۔امپورٹڈحکومت نامنظور ایک بہترین احتجاج ہے ،باہراورہمارے اندربیٹھے میرجعفرمیرصادق کوبتانے کابہترین وقت ہے ،مینارپاکستان جلسے کے بعدغیرملکی میڈیاکوانٹرویوبھی دونگا،سب کو کہوں گا افطاری سے پہلے مینار پاکستان پہنچ جائیں ورنہ بہت رش ہوگا۔