لاہور(اشرف مجید)گرمی کی شدت میں اضافے نے میٹرو بسوں کی حالت کا پول کھول دیا ،مسافروں کے شور پر اے سی چلانے پر درجنوں میٹرو بسوں کے اے سی خراب نکلے ،علم ہونے پر ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے بھی میٹرو بس کمپنی کو وارننگ جاری کر دی ،رقم کی ادائیگی روکنے کا الٹی میٹم دے دیا گیا ،کمپنی نے تمام بسوں کے اے سی سسٹم کے لئے نئے پرزہ جات خریدنے کی تیاری شروع کر دی،تفصیلات کے مطابق میٹرو بس کمپنی البیر اک کا اس سال اکتوبر 2020میں آٹھ سالہ معاہدہ مکمل ہو رہا ہے جس کے بعد لاہور میں موجودہ کمپنی کا میٹرو بس سسٹم بند ہو جائے گا اور کوئی نئی کمپنی کو ٹھیکہ دے کر نئی بسیں لائی جائیں گی لہذا موجودہ میٹرو بس کمپنی البیراک نے میٹرو بسوں کی حالت پر دھیان دینا کم کر دیا ،ذرائع کے مطابق گزشتہ دو روز سے گرمی کی شدت میں اضافے نے میٹرو بسوں کے اندر سفر کرنے والے مسافروں کو پریشان کیا تو مسافروں کی جانب سے میٹرو بسوں کے ڈرائیوروں کو بس میں اے سی چلانے کا کہا جس پر متعدد بسوں کے جب اے سی چلائے گئے تو انہوں نے کام نہ کیا جس پر ڈرائیوروں کی جانب سے نہ صرف معذرت کی گئی بلکہ بسوں کے اے سی سسٹم بارے کمپنی انتظامیہ کو آگاہ کیا ،جب اس صورت حال بارے ماس ٹرازٹ اتھارٹی کو علم ہوا تو انکی جانب سے میٹرو بس کمپنی کو فوری طور پر تمام بسوں کے اے سی سسٹم درست کرنے کے بارے مین وارننگ جاری کر دی اور کہا ہے کہ اگر میٹرو بسوں کے اے سی سسٹم درست نہ کئے گئے تو انکو سبسڈی کی مد میں دی جانے والی رقم کو روک لیا جائے گا ،ذرائع کے مطابق میٹرو بس کمپنی البیراک کی جانب سے گزشتہ روز تمام بسوں کو انجینئرنگ سٹاف کو چیک کرایا اور انتظامیہ کو آگاہ کیا ہے کہ میٹرو بسوں کے بلور فین کے ساتھ کمپریسر و دیگر سامان کو فوری طور پر درآمد کرایا جائے جس پر کمپنی کی جانب سے لسٹ تیار کر لی گئی ہے تا کہ بسوں کے اے سی کے پرزہ جات کو منگوانے کیلئے اقدامات کئے جائیں ۔