پشاور( نامہ نگار)وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری نے فواد چوہدری کیبیان پر سخت رد عمل کا اظہار کیا اور کہا ہے کہ چاند دیکھنے کے لئے چالیس لاکھ کیا چالیس کروڑروپے بھی خرچ کرنا پڑے تو کرینگے ، پاکستان میں کئی دیگر کاموں پرکروڑوں اور اربوں روپے خرچ کئے جاتے ہیں ،رویت ہلال کمیٹی کو ایسے ختم نہیں کرسکتے ، اس کو ختم کرنے کے لئے باقاعدہ علما ء سے مشاورت کی جائے گی۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے پشاور میں بین المذاہب ہم آہنگی سے متعلق تقریب سے خطاب میں کیا۔انہوں نے کہا کہ خرچ کو بنیادی دلیل بنا کر روایت ہلال کمیٹی کو ختم کرنا سوچ سے بالا تر ہے ،اگر کمیٹی ختم کرنی بھی ہوئی تو علما سے مشورہ کرینگے اور اس فیصلے کو ہر پہلو سے دیکھیں گے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں غیر مسلموں کے بھی وہی حقوق ہیں جو ایک مسلمان کے ہیں،بیرون ممالک میں پاکستان کا منفی عکس پیش کیا جاتاہے ۔ اقلیتوں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتی برادری کو مکمل آزادی حاصل ہے اور رہے گی ۔ نور الحق قادری نے کہا کہ بد قسمتی سے ہم ملک کو اب بھی اسلامی فلاحی مملکت نہیں بناسکے ،کیونکہ ہم نے آج تک یہ محسوس ہی نہیں کیا کہ سب کے ساتھ مساوی سلوک ہو ،موجودہ حکومت اقلیتی برادری کو ساتھ لے کر چلے گی ۔انہوں نے کہا کہ امریکی صدر اوراس جیسے دوسرے لوگوں کی پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق کے حوالے سے جو منفی سوچ ہے وہ غلط اور بے بنیاد ہے ۔ لاہور میں ہونے والے واقعہ پر ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کا حالیہ واقعہ افسوسناک ہے ،دہشتگردوں نے ہماری مساجد کو ٹارگٹ کیا،ہمارے گرجا گھروں کو ٹارگٹ کیا لیکن یہ لوگ کبھی اپنے مشن میں کامیاب نہیں ہوں گے ،ان کے مطابق نصاب میں کسی بھی مذہب کے خلاف نفرت انگیز مواد برداشت نہیں کرینگے ،سرکاری خرچ پر حج سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت میں سرکاری خرچ پر حج اور عمرہ بندرہے گا ۔