اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر،92 نیوزرپورٹ) ملک میں ایک ہی روز مختلف شعبوں میں صارفین پر مہنگائی کابم گرادیاگیا جن میں گھریلو گیس میٹر کا کرایہ دوگنا،سیس لاگو،ایل پی جی 3روپے ،بجلی32پیسے مہنگی ہوگئی جبکہ پٹرول پر بھی ریلیف نہ دیا گیا۔ سٹیل ملز ملازمین کیلئے گولڈن شیک ہینڈ پلان منظور کر لیا گیا ہے ۔مشیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں سٹیل ملز کے 49 فیصد ملازمین کو گولڈن شیک ہینڈ کیلئے 19 ارب 65 کروڑ ، نان پٹیشنر ملازمین کو واجبات کی ادائیگی کیلئے بھی 11.6 ارب روپے کی منظوری دی گئی۔اقتصادی رابطہ کمیٹی نے گیس کے گھریلو صارفین کیلئے گیس میٹرز کا رینٹ 20 سے بڑھا کر 40 روپے کر دیا جبکہ گیس صارفین سے جے آئی ڈی سی کے ایک تہائی واجبات بھی وصول کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس مد میں صارفین سے 22 ارب روپے وصول کئے جا ئینگے تاہم گھریلو، کمرشل، تندور، سیمنٹ اور کھاد سیکٹر کو استثنیٰ ہوگا۔ وزارت تجارت نے ای سی سی سے درخواست کی کہ گندم اور چینی کی درآمدات پر ٹریڈ کارپوریشن آف پاکستان کی کمیشن موجودہ 2 فیصد کی شرح سے 0.75 فیصد کی جائے جس کی منظوری دیدی گئی۔ گوردوارہ دربار صاحب کرتارپور کے انتظام کار اور بحالی کیلئے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ (پی ایم یو) کے قیام کی بھی منظوری دی۔ این ایچ اے کے قرضوں کو حکومتی گرانٹس میں شامل کرنے کی اصولی منظوری بھی دی ہے ۔ ای سی سی نے وزارت توانائی کی جانب سے گیس/آر ایل این جی کی صنعتی شعبہ کو فراہمی کی منظوری دی اور زیرو ریٹڈ 5بڑی برآمدی صنعتوں کو گیس فراہمی کی منظوری دی ہے ۔ فروری 2021 ئتک 930 روپے ایم ایم بی ٹی ٹیرف نافذ ہو گا جبکہ مارچ 2021 ئسے مقامی ٹیرف نافذ ہو گا ۔ ای سی سی نے تندور اور گھریلو صارفین کے علاوہ کمرشل صارفین کیلئے قدرتی گیس کی قیمت فروخت میں اضافہ کی منظوری دی ۔ توانائی کے شعبہ کے ٹیرف کے حوالہ سے نومبر 2019 ئسے جون 2020 ئکیلئے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹس کی بھی منظوری دی۔ فیصلہ کے مطابق بجلی کی قیمت میں 1.62 روپے فی کے ڈبلیو ایچ اضافہ متوقع ہے لیکن ای سی سی نے فیصلہ کیا کہ اس میں سبسڈی شامل کر کے صارف کیلئے اضافہ کو 1.30 روپے فی کے ڈبلیو ایچ تک کم کیا جائے اس طرح 200 یونٹس تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کیلئے قیمت میں صرف32 پیسے اضافہ ہوگا۔ اسلام آباد،لاہور (92نیوزرپورٹ ،کامرس رپورٹر)اوگرانے ماہ اکتوبر 2020 کیلئے ایل پی جی کی قیمت میں 3 روپے فی کلو اضافہ کرکے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔گھریلو سلنڈ34روپے اور کمرشل سلنڈرکی قیمت130 روپے ۔اب ایل پی جی117روپے فی کلوکی جگہ 120روپے فی کلو، گھریلو سلنڈر 1382روپے کی جگہ 1416روپے اور کمرشل سلنڈر5319 روپے کی جگہ 5449 روپے ، پیداواری قیمت60460کی جگہ62915روپے ملک بھر میں دستیاب ہو گی۔ دوسری جانب حکومت نے پٹرول سستا کرنے کی تجویز مسترد کرکے ڈیزل کی قیمت میں 2.40روپے فی لٹر کمی کااعلان کردیا ۔حکومت نے پٹرول، مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی موجودہ قیمتیں آئندہ 15روزکیلئے برقراررکھنے کا فیصلہ کرلیا ،ہائی سپیڈ ڈیزل کی فی لٹر قیمت میں 2 روپے 40 پیسے کی کمی کااعلان کردیا۔ یکم اکتوبرسے ہائی سپیڈ ڈیزل 102 روپے 6 پیسے فی لٹر میں فروخت ہوگا، پٹرول 103 روپے 97 پیسے ، فی لٹر مٹی کا تیل 65 روپے 29 پیسے فی لٹر اور لائٹ سپیڈ ڈیزل 62 روپے 86 پیسے فی لٹر کی موجودہ قیمت پر 15 اکتوبر تک فروخت ہوگا۔اوگرا نے تجویز دی تھی کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 3 سے 4 فیصد فی لٹر کمی کی جائے ۔ اوگرا نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں دو روپے تک فی لٹرکمی کی تجویز دی۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کا فیصلہ وزیراعظم کی مشاورت سے کیا گیا اور وزارت خزانہ نے اعلامیہ جاری کردیاہے جس کااطلاق گزشتہ رات 12بجے ہوگیا۔ دریں اثنابجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دوبارہ بجلی98 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست کی ہے جس پر نیپرا آج سماعت کرے گا۔گذشتہ ہفتے نیپرا نے بجلی کی قیمت ایک روپے 62 پیسے مہنگی کرنے کی منظوری دی تھی ۔