اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) پاکستان نے کہاہے کہ یو اے ای اور اسرائیل کے تعلقات کی بحالی معاہدے کے دوررس نتائج ہونگے ۔پاکستان نے متحدہ عرب امارات اور اسرائیل میں تعلقات کی مکمل بحالی کے معاہدے سے متعلق ردعمل میں کہا ہے کہ ہم نے متحدہ عرب امارات اور اسرائیل میں تعلقات کی مکمل بحالی کے معاہدے کا مشترکہ بیان دیکھا ہے ، یہ دور رس مضمرات کا حامل ہے ۔ دفترخارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہیکہ پاکستان ہمیشہ سے پختہ عہد پر کاربند رہا ہے کہ فلسطین کے عوام کے تمام جائز حقوق انہیں دئیے جائیں جس میں استصواب رائے کا حق بھی شامل ہے ، مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام بھی پاکستان کی کلیدی ترجیح ہے ، منصفانہ، جامع و پائیدارا من کے لئے پاکستان نے اقوام متحدہ اور او آئی سی کی متعلقہ قراردادوں اور عالمی قانون کے مطابق ہمیشہ دو ریاستی حل کی حمایت کی ہے ۔ ترجمان دفترخارجہ کے مطابق پاکستان اس تجزیہ سے رہنمائی حاصل کرے گاکہ کیسے فلسطینیوں کے حقوق اور امنگوں کو مقدم رکھا جاتا ہے اور کس طرح سے علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کی پاسداری کی جاتی ہے ۔