مکرمی !ملیر کالونی،ایچ ایریا، نشتراسکوائرکے مکین ایک ماہ سے پانی کی بوند کو ترس رہے ہیں۔علاقہ ہذا میں ملیر ٹنکی پمپنگ اسٹیشن سے پانی سپلائی ہوتاہے، واٹر بورڈ کادعویٰ ہے کہ ان علاقوں کو بھی پانی سپلائی کردیاہے،جہاں پانی نہیں آتاتھا، لیکن آپ نے ان علاقوںکاپانی کیوں بند کردیاہے، جہاں پانی ایک دن کے ناغے سے آتاتھا۔ ملیرہالٹ پر بڑا والو لگاکر ملیر کا پانی روک کر دیگر علاقوں کو دے دیاگیاہے۔علاقہ مکین سوال کرتے ہیں،کیا یہ سیاسی بندش ہے یانسلی تعصب ؟علاقے میں جگہ جگہ پانی بیچنے والوں کی دکانیں کھلی ہوئی ہیں۔یہ مین لائن سے بڑی موٹروں کے ذریعے پانی کھینچ کربیچ رہے ہیں۔اس کا ذمہ دارکون ہے؟گاڑیوں پرپانی بیچنے والے چالیس روپے فی کین بیچ رہے ہیں۔یہ پانی کہاں سے لا رہے ہیں؟ ملیر کے اطراف میں واقع گاؤں گوٹھوں میں پانی کہاں سے آرہاہے؟ ایک ماہ قبل تک ایچ ایریاملیر میں پانی کسی نہ کسی شکل میں تھوڑامل رہاتھا۔ لیکن اَب اچانک پانی کی سپلائی کیوں بند ہوگئی؟ ایم ڈی واٹربورڈ اپنے دعوؤںکی سچائی ثابت کریںاورسیاسی ونسلی چپقلش سے بالاتر ہوکر ملیر کالونی، ایچ ایریاکو پانی سپلائی کریں،اس سے قبل کہ علاقہ مکین کا صبر سوا ہوجائے اور وہ احتجاج کا راستہ اپنائیں۔ معاملات کو قابو میں کرنے کے لئے کوئی مستقل بندوبست کیا جائے۔ (شاہ محمد تبریزی و علاقہ مکین ایچ ایریا،ملیر کالونی کراچی)