لاہور(نیوز رپورٹر ) صوبائی وزیر ایکسائز ٹیکسیشن و نار کوٹیکس کنٹرول پنجاب حافظ ممتاز احمد نے عوامی سہولت ،حفاظتی اقدامات اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ایکسائز دفاتر کھل گئے ۔انہوں نے ڈی جی ایکسائز کے دفتر میں ''اپوا مینجمنٹ سسٹم'' کا افتتاح کیا۔اس موقع پر سیکرٹری ایکسائز وجیہ اللہ کنڈی،ڈی جی ایکسائز مسعودالحق اور دوسرے افسران بھی موجود تھے ۔بعد ازاں میڈیا نمائندگان سے بات کرتے ہوئے وزیر ایکسائزنے کہا کہ سسٹم سے ایجنٹ مافیا کی حوصلہ شکنی ہوگی اور سماجی دوری کے ذریعے کورونا سے محفوظ رہنے میں بھی مدد ملے گی۔سسٹم سے انتظار اور قطار کے جھنجھٹ سے بھی چھٹکارہ ملے گا۔سسٹم کے ذریعے محدود پیمانے پر صارفین کو دفاتر بلایا جائے گا۔صارفین کو سسٹم کے تحت ایکسائز دفاتر میں داخلے کی اجازت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر کے ڈویژنل دفاتر میں آن لائن سروسز فراہم کی جا رہی ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ابتدائی طور پر محکمہ ایکسائز کی موٹر رجسٹریشن برانچز کو کھولا جا رہا ہے ،جلد باقی دفاتر بھی ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے کھول دیے جائیں گے ۔