کراچی ( سٹاف رپورٹر) امریکی دارالحکومت واشنگٹن، ڈی سی میں منعقدہ خواتین مارچ - 2020 میں شریک پاکستانی خواتین نے قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ واضح رہے کہ خواتین مارچ کے انعقاد کا مقصد خواتین کے ساتھ روا رکھی جانے والی ہر طرح کی ناانصافی کے خلاف آواز بلند کرنا اور لوگوں میں شعور اجاگر کرنا تھا۔ خواتین مارچ میں شریک ایک خاتون ندرت صدیقی کا کہنا تھا کہ خواتین مارچ میں میرے شریک ہونے کا مقصد امریکی حکومت کی جانب سے عافیہ صدیقی اور ان جیسی دیگر مسلم خواتین سیاسی قیدیوں کی غیر قانونی اور ناجائز قید کو منظرعام پر لانا تھا۔ ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ اور عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے امریکہ میں مقیم پاکستانی خواتین کی جانب سے ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کا مطالبہ کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے ۔