مظفر آباد،لاہور،اسلام آباد (92 نیوزرپورٹ، اپنے سٹاف رپورٹر سے ،نیوز رپورٹر ،لیڈی رپورٹر) آزاد کشمیرکے علاقے وادی نیلم میں برفانی تودے گرنے سے ہلاکتوں کی تعداد78ہوگئی،موضع سرگن سے 22گھنٹے بعدملبے سے زندہ ملنے والی 6سالہ بچی صفیہ بھی ہسپتال میں دم توڑگئی،موسم صاف ہوتے ہی گزشتہ روز برفباری کے باعث رکا پاک فوج کے ہیلی کاپٹروں کاریلیف آپریشن دوبارہ شروع کردیاگیا،برفانی تودے گرنے سے وادی نیلم کے علاقوں سرگن بکوالی،ڈھکی چکناٹ اور دیگرعلاقے سب سے زیادہ متاثرہوئے ہیں،ابھی تک سرگن کی شاہراہ بحال نہیں کی جاسکی۔وادی نیلم کے متاثرہ علاقوں میں پھنسے 13سیاحوں کو پاک فوج کے ہیلی کاپٹروں نے ریسکیوکرکے محفوظ مقامات پرمنتقل کردیا،غیرملکی سیاحوں نے ریسکیوکرنے پرپاک فوج کاشکریہ اداکیا،وادی نیلم میں زخمی ہونے والے 9افرادکوبھی ہیلی کاپترکے ذریعے مظفرآبادمنتقل کردیاگیا ۔دریں اثنا محکمہ موسمیات نے ایک اور بارشوں اور برفباری کے سلسلے کی پیشگوئی کر دی ۔ لاہور میں گزشتہ روز بھی موسم سرد اور خشک رہا جبکہ صبح اور رات کے اوقات میں شدید دھندکی لپیٹ میں رہا جس سے حدنگاہ محض چند میٹر تک ہی رہی گئی اور شہریوں کوسفر کے دوران مشکلات کا سامنا کرنا پڑا بعدازاں سور ج نے دھند کی شدت کو کم کیااور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 16ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچا۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد رہے گا ،چند مقامات پربارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے ۔ پنجاب کے بعض میدانی علاقوں میں رات اور صبح کے اوقات میں دھند پڑنے کا امکان ہے ۔ کالام ، گوپس منفی 13،بگروٹ منفی 11،استور،چترال ، پاراچنار منفی 10،کوئٹہ منفی 09،قلات،سکردو منفی 7،گلگت ، دیر منفی 6،دالبندین منفی 5،راولاکوٹ،مالم جبہ منفی 4 اور لاہور کا 5.7ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔ دھند کی وجہ سے کراچی اور کوئٹہ سے لاہور آنے والی ٹرینوں کا شیڈول مزید درہم برہم ہو گیا جس سے مسافروں کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے ، دھند کی وجہ سے ٹرینیں رینگ رینگ کر چلتی رہیں۔ ٹرین اکبر بگٹی ایکسپریس10گھنٹے ، کراچی ایکسپریس5گھنٹے 30منٹ ،ملت ایکسپریس7گھنٹے ، جناح ایکسپریس4گھنٹے 30منٹ ، پاک بزنس ایکسپریس4گھنٹے 50منٹ ، قراقرم ایکسپریس3گھنٹے 10منٹ اور اسی طرح دیگر ٹر ینیں بھی لیٹ پہنچیں ۔ پاکستان میں اقوام متحدہ کی کنٹری ٹیم اور ریذیڈنٹ اور ہیومینٹیرین کوآرڈینیٹر نٹ اوسٹبائی نے حالیہ شدید بارش اور برفباری کے باعث رونما ہونے والے سانحات کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ ایک بیان میں اوسٹبائی نے کہا کہ ہم پاکستان میں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں تاکہ متاثرین ضروری امدادفراہم کی جا سکے ۔ آزاد جموں و کشمیر، بلوچستان، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا میں شدید بارشوں، برف باری اور برفانی تودوں سے متاثرہ علاقوں میں جاں بحق افراد کی تعداد 104 تک پہنچ گئی ہے ۔دو درجن سے زائد شاہراہیں اور ہائی ویز بند ہوئیں جنہیں کھولنے کیلئے کام جاری ہے ۔ پاک فوج کے ذیلی ادارے ایس سی او نے وادی نیلم کے متاثرین سے یکجہتی کرتے ہوئے فون اور ایس ایم ایس کے مفت پیکج کا اعلان کردیا ، ٹیلیفون کے 5ہزار منٹ اور 5ہزار ایس ایم ایس مفت آج سے 25جنوری تک دیئے جائینگے ۔