کراچی (نیٹ نیوز ) کراچی میں واٹس ایپ پر’’ڈکیت قومی موومنٹ‘‘ کے نام سے گروپ بناکر سٹریٹ کریمنلز کو منظم کرنے والے گروہ نے اپنے گروپ کے ممبران کی مدد کیلئے سرکاری اداروں کی طرز پر ویلفیئر کا نظام بھی بنا رکھا ہے ، ’ڈی کیو ایم‘ کے سرغنہ اور اس کے ساتھی کو عدالت نے ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے ، ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی تلاش میں پولیس چھاپے مار رہی ہے ۔ایس ایچ او عزیزآباد حاجی ثناء اللّہ نے بتایا کہ ملزمان ارسلان عرف چکنا اور فرحان عرف کوڈو پولیس کو ڈکیتی کی وارداتوں میں مطلوب تھے ۔پولیس کے مطابق تین دن قبل ان دونوں ملزمان کی گرفتاری کی گئی تو ان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا، ملزمان نے ڈکیت قومی موومنٹ کے نام سے واٹس ایپ گروپ بنا رکھا ہے ، جس میں ان کے علاوہ 10 ملزمان ممبران ہیں اور ارسلان اس گروپ کا ایڈمن ہے جو ہر واردات کی منصوبہ بندی کرتا ہے ،پولیس کے مطابق ملزمان نے بینکوں سے رقوم نکلوانے والے شہریوں سے لوٹ مار کی۔ڈی کیو ایم گروپ کے ملزمان متعدد بار گرفتار ہوئے اور جیل بھی جا چکے ہیں۔ملزمان کے مطابق وہ ایک دوسرے کو بذریعہ واٹس ایپ وارداتوں کیلئے بلواتے تھے ،واردات کے بعد جیل میں گروہ کے ممبران کو کیس لڑنے کیلئے ان کے حصے کی رقم ان کے گھر اور جیل میں پہنچاتے ہیں، گرفتار ملزمان کامران کے وکیل کوفیس اور اہل خانہ کی مالی مدد بھی کررہے ہیں۔