لاہور (علی ارشد سے ) سرکاری یونیورسٹیوں میں وائس چانسلروں کی مزید اسا میاں خالی ہونے کے قریب ہیں۔ محکمہ اعلیٰ تعلیم پنجاب کو مزید 6 یونیورسٹیوں میں میرٹ پر مبنی مستقل تقرریاں کرنے کا کٹھن چیلنج درپیش ہو گا۔ مزید خالی اسامیوں کا اشتہار تیار کر لیا گیا ہے جو جلد جاری کر دیا جا ئے گا۔ پہلے سے جاری 5 جنرل کیڈر جامعات کے انٹریوز مکمل کر کے سمریاں حتمی منظوری کیلئے 26 جون کو بھجوائی جا ئیں گی۔ روزنامہ 92 نیوز کو ذرائع نے بتا یا کہ سیکرٹری ہا ئر ایجوکیشن پنجاب ڈاکٹر راحیل صدیقی اور سر چ کمیٹی کے چیئر مین ڈاکٹر خالد آفتاب کی بیرون ملک روانگی کے سبب محکمہ نے فیصلہ کیا ہے کہ پہلے سے جاری جنرل کیڈر یونیورسٹیوں کے انٹریوز جلد مکمل کر کے سمریاں 26جون کو وزیر اعلیٰ پنجاب کومنظوری کیلئے بھجوائی جا ئیں ، دونوں شخصیات کی بیرون ملک روانگی کے پیش نظر سرچ کمیٹی نے برق رفتاری کے ساتھ تمام امیدواروں کے انٹرویوز مکمل کئے ہیں۔ ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ اکثر جامعات میں محکمہ نے ایک ہی امیدوار کو دو سے تین شہروں کیلئے شارٹ لسٹ کر رکھا ہے جس سے سرچ کمیٹی کی کارکردگی پر سوالات بھی جنم لے رہے ہیں اور دیگر قابل اور تجربہ کار امیدواروں کی حق تلفی بھی ہو رہی ہے ۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ مستقبل میں 6مزید سرکاری یونیورسٹیوں کے وائس چانسلر ز اپنی مدت ملازمت مکمل کررہے ہیں، جن میں یونیورسٹی آف ایجوکیشن کے سربراہ ڈاکٹر رئوف اعظم، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے سربراہ ڈاکٹر حسن امیر شاہ، گورنمنٹ صادق کالج فار ویمن یونیورسٹی بہاولپور کی سربراہ ڈاکٹر طلعت افزا، گورنمنٹ فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی راولپنڈی کی سربراہ ڈاکٹر ثمینہ امین قادر، خواجہ غلام فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی رحیم یارخان کے وائس چا نسلر ڈ اکٹر اطہر محبوب اور انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی پنجاب کے سر براہ ڈاکٹر عمر سیف کی مدت ملازمت مکمل ہونے کے بعد سے عہدے کا اضافی چارج دیا گیا تھا، 6مزید خالی اسامیوں کا اشتہار محکمہ اعلی تعلیم پنجاب کی جانب سے تیار کر لیا گیا ہے جو کہ رواں ہفتے جاری کر دیا جا ئے گا۔