بیجنگ (نیٹ نیوز) چین نے امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل میں چھپنے والے ایک آرٹیکل کو’ نسل پرستانہ ‘قرار دیتے ہوئے اخبار کے تین صحافیوں کو ملک سے نکل جانے کا حکم دیدیا ۔وال سٹریٹ جرنل میں تین فروری کو چھپنے والے مضمون میں کرونا کی وبا سے نمٹنے کیلئے چینی حکومت کے اقدامات پر تنقید کی گئی تھی۔چینی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے اخبار سے کئی مرتبہ کہا گیا کہ وہ معافی مانگے لیکن اس نے رد کر دیا۔ ترجمان چینی وزارتِ خارجہ جینگ شوانگ کا کہنا ہے یہ مضمون 'نسل پرستانہ‘ ہے اور اِس نے وبا کیخلاف چین کی کوششوں کو ’بدنام‘ کیا ہے ۔ چینی عوام ایسے میڈیا کو خوش آمدید نہیں کہتے جو نسل پرستانہ بیانات چھاپتا ہے اور چین پر کینہ پرور حملے کرتا ہے ۔وال سٹریٹ جرنل کے مطابق ان صحافیوں میں جوش چِن اور چائو ڈینگ امریکی جبکہ فلپ وین آسٹریلوی شہری ہیں۔ صحافیوں کو چین سے نکل جانے کیلئے پانچ دن کی مہلت دی گئی ہے ۔ واضح رہے یہ آرٹیکل اِن صحافیوں نے نہیں لکھا تھا۔