لاہور(نیٹ نیوز) معروف اداکارہ عائشہ عمر نے اپنے والد کے انتقال کے بعد اپنے بچپن اور والدہ کی جدوجہد کی کہانی اپنے مداحوں سے شیئر کی ہے ۔عائشہ عمر نے اپنی والدہ کی سالگرہ کے موقع پر ڈرامے کے سیٹ پر کیک کاٹا جس کی تصاویر انہوں نے انسٹاگرام پر شیئر کیں،اداکارہ نے ان تصاویر پر ایک طویل کیپشن بھی لکھا جس میں انہوں نے والد کے انتقال کے بعد اپنی والدہ اور بچپن کی جدوجہد کے حوالے سے بتایا۔عائشہ عمر نے لکھا کہ ایک بیوہ عورت جس کے 2 بچے تھے اس کے پاس مرحوم شوہر کے نام پر ایک پائی بھی نہیں تھی، اس عورت کے تمام بہن بھائی شادی شدہ تھے اور وہ یہ سمجھتے تھے کہ ان کی بہن کی جس خاندان میں شادی ہوئی ہے وہ ان کی معاشی اور جذباتی اعتبار سے اچھی دیکھ بھال کر سکیں گے ۔ والد کے انتقال کے بعد میری والدہ کے سسرال والوں نے خاندانی کمپنی کو تحلیل کردیا تھا جس کے بڑے شیئر ہولڈر میرے والد تھے ، ان کا انتقال ہوگیا تھا اور انہوں نے تمام تر رقم آپس میں ہی بانٹ لی تھی، یہ سال ہمارے لیے بہت کٹھن تھے ، جیسے ہی میرا کالج شروع ہوا میں نے ٹی وی کے کچھ پروجیکٹس کرنا شروع کردیے تاکہ میں اپنی تعلیم کے اخراجات ادا کرسکوں ۔اداکارہ کی جانب سے اس پوسٹ کا کیپشن پڑھ کر شوبز انڈسٹری کی شخصیات سمیت ان کے چاہنے والے متاثر ہوئے اور تمام لوگ ان کی اور والدہ کی جدوجہد کو سراہے بغیر رہ نہ سکے ۔