لاہور(کامرس رپورٹر)پنجاب حکومت اور چینی کمپنی ہواوے صوبے میں کاروبار شروع کرنیوالے نوجوانوں کی جدید تربیت کریں گے ۔اس مقصد کیلئے پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اور چینی کمپنی کے اشتراک سے ایوان وزیراعلیٰ میں منعقدہ تقریب میں تربیتی پروگرام کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔تقریب میں چینی قونصل جنرل لانگ ڈنگ بن، مشیر وزیراعلیٰ ڈاکٹر سلمان شاہ، ہواوے کمپنی کے حکام نے شرکت کی۔صوبائی وزیر آبپاشی محسن لغاری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو ان شعبوں میں بہترین تربیت فراہم کی جائے گی جہاں تک پہلے ان کی رسائی نہیں تھی۔ ڈپٹی سی ای او ہواوے کمپنی احمد مسعود نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہواوے پاکستان میں گزشتہ بیس سال سے اپنے قدم جمائے ہوئے ہے اور ہم اس کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔چینی قونصل جنرل لانگ ڈنگ بن نے کہا کہ پنجاب سٹارٹ اپ ٹریننگ پروگرام شروع کرنے پر ہواوے اور پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔