لاہور (آن لائن) جذبہ خیر سگالی کے تحت کراچی کی مختلف جیلوں سے رہائی پانے والے مزید 100 بھارتی ماہی گیر واہگہ کے راستے واپس بھارت روانہ ہو گئے ہیں۔ رہائی پانے والے بھارتی ماہی گیر ایک ترین کے ذریعے سکیورٹی کے حصار میں لاہور ریلوے سٹیشن پہنچے جہاں ان کی سفری دستاویزات مکمل کرنے اور سفری اخراجات کی ادائیگی کے بعد انہیں واہگہ بارڈر پہنچایا گیا۔ جنہیں رینجرز نے اپنی نگرانی میں بھارتی حکام کے حوالے کر دیا۔ واضح رہے کہ پاکستان کے جذبہ خیر سگالی کے تحت مذکورہ بھارتی ماہی گیر تیسرے مرحلے میں رہا کئے گئے ہیں جبکہ اس سے قبل پاکستان دو مراحل میں 200 بھارتی ماہی گیروں کو رہا کر چکا ہے ۔