لندن،لاہور( آن لائن ،سٹاف رپورٹر) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا ہے نیازی حکومت ملکی امور چلانے میں مکمل ناکام ہوچکی، ملکی معیشت اسی طرح ڈوبتی رہی تو قومی سلامتی کیلئے سنگین خطرہ ہے ۔ ایک بیان میں انہوں نے گیس کی قیمتوں میں مزید 45 فیصد اضافہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیس قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتے ہیں، اسے فوری واپس لیا جائے ، گیس، بجلی، پیٹرول اور اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کیا گیا ہے ، عوام کیسے زندہ رہیں گے ؟ کاروبار کیسے ہوگا؟۔ مہنگائی اور معاشی صورتحال دیکھتے ہوئے کم از کم تنخواہ 30 ہزار کی جائے ، تنخواہ دار طبقے کو تنخواہ میں کم از کم 10 ہزار روپے کا فوری ریلیف دیا جائے ۔ نالائق اور نااہل ٹولہ ملک و قوم کے مفاد پر تجربات کے بجائے گھر چلا جائے ، قوم سب سے بڑی تبدیلی یہ چاہتی ہے کہ نااہل اور نالائق ٹولہ تبدیل ہوجائے ۔ شہبازشریف نے کہا نیازی صاحب کی نالائقی نے معیشت کو ایشیاء کی بدترین معیشت بنا دیا، وقت ثابت کر رہا ہے نیازی صاحب لوگوں کو صرف گالیاں دے سکتے ہیں اور ملک گالیاں دینے سے نہیں چلتے ۔انہوں نے کہا محب وطن قوتوں کو سوچنا ہوگا،خدانخواستہ معیشت اس سے مزید نیچے گئی تو پھر اس کی واپسی معجزہ ہی ہوگی۔ ملک اور قوم مزید یہ دباؤ برداشت کرنے کے متحمل نہیں۔