لاہور، اسلام آباد(کامرس رپورٹر، 92 نیوز رپورٹ) آٹا مہنگا ہو تا ہی مارکیٹ سے غائب ہوگیا جبکہ عیدالفطر پر بلندہونے والی سبزیوں اور مصالحہ جات کی قیمتیں بھی کم نہ ہو سکیں جس کے باعث شہری پریشانی کا شکار ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور شہر کی تمام دکانوں سے فلور ملز کا آٹا ختم ہو گیا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پھل اور گوشت تو پہلے ہی ہم سے روٹھ چکے ہیں ،اب حکومت روٹی نہ چھینے ۔حکومت آٹے کی قیمتوں کو کنٹرول کرے اور سستی اشیا کی فراہمی یقینی بنائے ۔ فلور ملز مالکان کا کہنا ہے کہ حکومت سستی گندم دے تو ہم سستا آٹا فراہم کر سکتے ہیں ۔دکانداروں کا کہنا ہے کہ ہمیں آٹا مہنگا ملے گا تو مہنگا ہی فروخت کرینگے ، ملز مالکان کو کوئی نہیں پوچھتا ، ہر کوئی ہمیں پوچھنے چلا آتا ہے ۔دوسری طرف صوبائی دارالحکومت لاہور میں گزشتہ روز پیاز کی قیمت 150 روپے ،لیموں 770 روپے ، لہسن چائنہ 330 روپے ، ادرک 200 روپے کلو،شملہ مرچ 90 روپے ، سبز مرچ 110 روپے ،ٹماٹر 80 روپے ، آلو 60 اور کھیرا 52 روپے فی کلو فروخت ہوتارہا ۔ دریں اثنا ملک بھر میں یوٹیلیٹی سٹورز پر رمضان پیکیج ختم ہوگیاہے جس کے بعد متعدد اشیاکی قیمتوں میں 4سے 67روپے تک اضافہ ہو گیاہے ، دال ماش، دال مونگ 10 روپے ، بیسن 20 روپے کلو اور مختلف برانڈز کے کوکنگ آئل 20 روپے تک فی لٹر مہنگے ہوگئے ۔ یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے اعلامیہ کے مطابق وفاقی حکومت کی طرف سے 19 کی بجائے اب 5 اشیا پر سبسڈی دی جائیگی، چینی 70 روپے فی کلو، آٹا 10 کلوکا تھیلا 400 روپے جبکہ گھی 260 روپے فی کلوکے حساب سے ہی دستیاب ہو گا۔ چاول اور دالوں پر بھی سبسڈی دی جائیگی،شناختی کارڈکی شرط برقراررہے گی۔