لندن ،لاہور ( مانیٹرنگ ڈیسک، نمائندہ خصو صی سے ) وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائمہ نے کہا ہے کہ یہود دشمنی پر مبنی حملوں کے بعد پاکستان چھوڑ دیا تھا لیکن حملوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے ،مریم نواز کہتی ہیں کہ میرے بچے یہودیوں کی گود میں پلے ہیں جبکہ ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ آپ کو اگر کسی کو موردِ الزام ٹھہرانا ہے تو اپنے سابق شوہر کو ٹھہرائیں۔تفصیلات کے مطابق مریم نواز نے حویلی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیراعظم کہتا ہے کہ نواز شریف کا نواسہ (جنید) باہر جا کر پولو کھیل رہا ہے ، اس کے پاس کھیل کھیلنے کے پیسے کہاں سے آئے ،میں بچوں تک نہیں جانا چاہتی تھی،لیکن جیسی بات کرو گے اب منہ توڑ جواب ملے گا، جنید نواز شریف کا نواسہ ہے ، گولڈ سمتھ کا نواسہ نہیں ہے ، وہ یہودیوں کی گود میں نہیں پل رہا۔اس پر رد عمل دیتے ہوئے جمائمہ نے کہا کہ ایک دہائی تک میڈیا اور سیاستدانوں کی طرف سے یہود دشمنی پر مبنی حملوں (جن میں قتل کی دھمکیاں اور میرے گھر سامنے مظاہرے شامل تھے ) کے بعد2004ء میں پاکستان چھوڑ دیا تھا لیکن حملوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے ، ۔ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے ٹویٹر پر جاری کردہ بیان میں کہا کہ مجھے آپ، آپ کے بیٹوں یا آپ کی ذاتی زندگی سے قطعا دلچسپی نہیں ہے کیونکہ میرے پاس کرنے اور کہنے کے لئے بہتر کام ہیں، آپ صرف اپنے سابقہ شوہر کو الزام دیں ، اگر آپ کے سابق شوہر دشمنی میں دوسروں کے خاندانوں کو گھسیٹتے ہیں تو دوسروں کے پاس بھی کہنے کو سخت باتیں ہوں گی۔