لندن، نیویارک، ریاض، ماسکو (92 نیوز رپورٹ، بیورو رپورٹ، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) دنیا بھر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 7 لاکھ 72ہزار 9ہو گئی اور ہلاکتیں 37 ہزار سے تجاوز کر چکی ہیں جبکہ ایک لاکھ60 ہزار243افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران کرونا سے 2951افراد لقمہ اجل بنے جبکہ 48ہزار 619نئے کیس رپورٹ ہوئے ۔اٹلی میں 812، سپین میں 537، فرانس 418، امریکہ 350، برطانیہ 180، ایران 117، بیلجیم 82، نیدرلینڈز 93، جرمنی 19، ترکی 37، آسٹریا 22، پرتگال 21، جنوبی کوریا 6، ناروے 6، بھارت 2، سویڈن 36، برازیل 5، جمہوریہ چیک 7، ڈنمارک 5، پولینڈ اور رومانیہ 9،9، فلپائن7، انڈونیشیا8 یونان اور میکسیکو میں 4،4اور مراکش میں 7 افراد ہلاک ہوئے ۔برطانوی وزیراعظم کے سینئر مشیر ڈومینک کمنگز بھی کورونا کا شکار ہو گئے ، انہوں نے خود کو قرنطینہ کر لیا۔برطانیہ میں صورتحال یہ ہے کہ وینٹی لیٹرز صرف ان مریضوں کو دیئے جارہے ہیں جن کے زندہ بچنے کا امکان ہے ۔ شام میں پہلی ہلاکت کے بعد عالمی فلاحی اداروں نے کہا کہ اگر بروقت انتظامات نہ کئے گئے تو شام میں ایک لاکھ تک ہلاکتیں ہو سکتی ہیں۔کورونا پھیلنے کے سبب امریکہ میں لاک ڈائون اور سماجی فاصلہ رکھنے کی تاریخ 12 اپریل سے بڑھا کر 30 اپریل کردی گئی۔ صحافیوں سے بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ہر شخص حکومتی گائیڈ لائنز پر عمل کرے ، جس قدر بہتر عمل کیا گیا اتنی ہی جلد یہ ڈراونا خواب ختم ہوگا۔مقبوضہ کشمیر میں 3 نئے کیس سامنے آنے کے بعدمریضوں کی تعداد 54ہوگئی۔ ماسکو میں کورونا کے پیش نظر گورنر آندرے ورابیوو کے اعلان کے مطابق لاک ڈائون کیساتھ رات 12بجے سے صبح 8 بجے تک کرفیو بھی نافذ کردیا گیا ۔ روس میں کورونا متاثرین کی تعداد1836 ہوگئی جبکہ 9 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ حکومت کی طرف سے شہریوں سے گھروں کے اندر رہنے کو کہا گیا مگر52 ہزار لوگ پابندی کے باوجود تفریحی مقامات اور پارکوں کی طرف نکلے ۔امریکی بحریہ کا جہاز پر بنایا گیا ہسپتال نیویارک کے ساحل پر لنگرانداز ہو گیا۔ ادھرتیونس میں کورونا کا پہلا مریض صحت یاب ہوگیا۔سعودی عرب میں کیسزکی تعداد 1299 ہوگئی اور آٹھ افراد کی موت ہوچکی ہے ۔ جدہ میں 14 دن تک حفاظتی طبی نظر بندی کیلئے قرنطینہ میں رکھے گئے شہریوں کی پہلی کھیپ کو اپنے گھروں کو جانے کی اجازت دی گئی۔ کوروناکے باعث دنیا بھر میں تین ارب سے زیاہ انسان طبی قید میں پڑے ہوئے ہیں ۔ نیویارک میں مشہور ٹائمز سکوائر پر گزشتہ صبح کوئی پیدل چلنے والا نظر نہیں آیا اس دوران صرف ایمبولینس کی آوازیں سنائی دے رہی تھیں۔آکسفیم نے امیر ممالک سے مطالبہ کیا کہ غریب ممالک کو مالی مدد فراہم کریں،افریقہ اور ایشیا کیلئے 160 ارب ڈالر کی امداد کا اعلان کریں۔اقوام متحدہ نے کورونا کے پیش نظر ترقی پذیر ممالک کیلئے اڑھائی کھرب ڈالر کے امدادی پیکج کا مطالبہ کیا۔سعودی وزارت صحت کے ترجمان نے کہا مکہ مکرمہ کے 6 اضلاع کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے اور دن تین بجے کے بعد کسی کو بھی شہر کے اندر یا باہر جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔دوسری جانب وزیر صحت نے بتایا شاہ سلمان نے کورونا کے تمام مریضوں کے مفت علاج کا حکم دیا ہے ، اس سہولت سے پاکستانیوں سمیت تمام غیر ملکی اورغیرقانونی تارکین وطن بھی مستفید ہونگے ۔سپین میں کورونا سے نمٹنے کیلئے بنائے گئے خصوصی ایمرجنسی ہیلتھ کمیشن کے سربراہ فرنانڈو سائمن بھی کورونا کا شکار ہو گئے ۔ایرانی صوبہ خراسان میں 35دن کے شیرخوار بچے میں کورونا کا انکشاف ہوا ہے جسے وائرس کا سب سے کم عمر مریض قرار دیا جا رہا ہے ،صدر روحانی نے کابینہ اجلاس سے خطاب میں کہا کورونا کیخلاف لڑائی ویکسین کی دریافت تک جاری رہے گی۔