فیکٹری ایریا میں پچیس سالہ نوجوان ڈور پھرنے سے جاں بحق ہو گیاہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے متعلقہ ایس ایچ او کو فوری معطل کر کے کارروائی شروع کر دی ہے۔ کرونا وائرس پھیلنے کے پیش نظر حکومت نے 6اپریل تک لاک ڈائون کا اعلان کر رکھا ہے جس کا مقصد گھروں میں بیٹھنا‘ دوست احباب اور رشتہ داروں سے ملاقات نہ کرنا ہے لیکن عوام اس صورت حال سے ناجائز فائدہ اٹھارہے ہیں۔ کوئی پوری فیملی کو موٹر سائیکل پر بٹھا کر رشتے داروں کے گھر جا رہا ہے ،تو کوئی گلی محلے میں میلہ لگا ئے بیٹھا ہے۔ نوجوان نسل سنسان سڑکوں پر موٹر سائیکلوں پر مٹر گشت کرتی نظر آتی ہے جبکہ کچھ پتنگ بازی کر کے لوگوں میں موت بانٹنے میں لگے ہوئے ہیں۔ اس وقت پولیس الرٹ ہے جبکہ پاک فوج کے جوان بھی گشت کر رہے ہیں اس کے باوجود پتنگ بازی کا ہونا سمجھ سے بالاتر ہے۔ حکومت نے پہلے ہی پتنگ بازی پر پابندی عائد کر رکھی ہے مگر یوں محسوس ہوتا ہے جیسے انتظامیہ اس پر قابو پانے میں سنجیدہ ہی نہیں۔ ایس ایچ او کے احکامات کو نظر انداز کرنا کسی کی مجال نہیں۔ پولیس اگر اپنے فرائض میں غفلت نہ برتے تو پتنگ بازوں کو باز رکھا جا سکتا ہے۔ فیکٹری ایریا کا 25سالہ نوجوان ڈور پھرنے سے جاں بحق ہوا۔ اس سے قبل ڈولفن جوان بھی ایسی ہی موت کا شکار ہوا تھا۔ انتظامیہ پتنگ بازوں کے گرد گھیرا تنگ کرے تاکہ لوگوں کے جاں و مال کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔