لاہور(نامہ نگار خصوصی)مسلم لیگ ن کے رہنمائوں کھوکھر برادران کی عمارتیں اور گھر مسمار کرنے کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کردی گئی جس پر آج سماعت ہوگی۔درخواست گزار ن لیگی رکن اسمبلی سیف الملوک کھوکھر نے موقف اختیار کیاہے کہ انتظامیہ نے عدالتی حکم کے باوجود کھوکھر پیلس مسمار کیا۔سول عدالت نے بھی ہمارے حق میں فیصلہ دیا تھا۔عدالت ڈی جی ایل ڈی اے سمیت فریقین کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کرے ۔دریں اثنالاہور ہائیکورٹ کے جسٹس انوارالحق نے معروف گلوکار شفاقت علی خان کی اہلیہ کرن شہزادی کی درخواست پر انکے 8سالہ بچے علی ضامن کو بازیاب کرا کے اور باپ سے لیکر ماں کے سپرد کردیا۔کرن شہزادی کے وکیل محمدیاسین حقانی نے موقف اختیار کیا کہ شفاقت علی خان نے دوسری شادی کرکے بیٹے علی ضامن کوبھی چھین لیاہے ،شوہر انہیں فصیل آباد گھر لیکر دے اور تشدد نہ کرے صلح کیلئے تیار ہیں۔