لاہور(سٹاف رپورٹر) ملک بھر میں جمعۃ المبارک بطوریوم’’ توبہ و استغفار اوررجوع الی اﷲ ‘‘منایا گیا،کرونا سے نجات کیلئے دعا ئیں کی اور اذانیں دی گئیں۔ گزشتہ روز اس سلسلہ میں مساجد اور گھروں میں لوگوں نے اﷲ کی بارگاہ میں اپنے گناہوں کا اقرارکر تے ہوئے توبہ کی اور آئندہ گناہوں سے پاک اور شریعت کے مطابق زندگی بسر کرنے کا عہد کیا۔ بعض مساجد میں نماز جمعہ کے چند افراد پرمشتمل اکٹھے ہوئے تو بعض مساجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے دوران خاصا رش دیکھنے میں آیا۔ مساجد میں توبہ و استغفار اور رجو ع الی اﷲ کے موضوع پر خطبات دیئے گئے ، ملکی سلامتی ،موذی مرض کرونا کے خاتمہ اور تمام مسلمانوں کی حفاظت کیلئے دعا ئیں کی گئیں ۔ کرونا وائرس سے نجات کیلئے توبہ و استغفار کرنے کی غرض سے مساجد کے سپیکرز سے اعلانات کئے گئے ۔سپیکر پر ہدایت کی گئی کہ بزرگ،بچے اور بیمار شہری نماز کیلئے مساجد میں نہ آئیں اوروہ گھروں میں ہی نماز ادا کریں۔ مختلف اوقات میں عذاب الٰہی سے نجات کیلئے اذانیں دینے کا سلسلہ بھی شروع رہا۔نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد کرونا واس سے نجات کیلئے خصوصی دعائوں کا اہتمام کیا گیا ،نمازیوں کی آنکھیں اشکبار رہیں، لوگ گڑگڑا کر اﷲ تعالیٰ سے گناہوں کی معافی اور راضی ہونے کی دعائیں مانگتے رہے ، اس موقع پر مریضوں کی صحت یابی اوروفات پاجانیوالوں کی مغفرت کیلئے دعا کی گئی۔