لاہور،ملتان،ڈی جی خان(نمائندہ خصوصی سے، کامرس رپورٹر،سپیشل رپورٹر،ڈسٹرکٹ رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک،92 نیوز رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانی ہمار اثاثہ ہیں جبکہ مایوس اپوزیشن عوام کو گمراہ نہیں کرسکتی۔تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ سے وفاقی وزیر آبی وسائل چودھری مونس الہٰی نے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور اورسیاسی صورتحال پرتبادلہ خیال کیاگیا۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کی قیادت میں پاکستان معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے ۔ موجودہ حالات میں انتشار کی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں۔ مایوسی کا شکار اپوزیشن عوام کو گمراہ نہیں کرسکتی۔ اتحادی جماعت سے بہترین ورکنگ ریلیشن شپ ہے اوراتحادی جماعت کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں۔وفاقی وزیر آبی وسائل چودھری مونس الہٰی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو مزید سہولتیں فراہم کرنے کیلئے مل کر کام جاری رکھیں گے ۔ ہمارا نصب العین صرف عوام کی خدمت ہے ۔دریں اثنا وزیراعلیٰ سے یورپی یونین، پاکستان فرینڈشپ فیڈریشن،یورپ کے چیئرمین پرویز اقبال لوسرکی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے اموراوربیرون ملک مقیم پاکستانیو ں کے مسا ئل کے حل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیاگیا۔ملاقات میں غیر قانونی مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوج کے نہتے کشمیریوں پر مظالم کی شدیدمذمت کی گئی۔وزیراعلیٰ نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں۔ معیشت کی مضبوطی کیلئے اوورسیز پاکستانیوں کی خدمات فراموش نہیں کرسکتے ۔بعدازاں وزیراعلیٰ ملتان چلے گئے اور ائیرپورٹ پر اعلیٰ افسروں کو فوری طلب کرلیا۔وزیراعلیٰ کی زیر صدارت ملتان ائیر پورٹ کے لاؤنج میں اعلیٰ سطح کااجلاس منعقد ہواجس میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو امن وامان کی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔قبل ازیں انہوں نے سینئر صحافی غنی چودھری کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کااظہار کیا ۔ادھر وزیراعلیٰ آج ڈیرہ غازی خان پہنچیں گے ۔ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ کے ہمراہ چیئرمین سینٹ بھی ڈیرہ غازی خان جائینگے ۔