لاہور،ساہیوال، چیچہ وطنی (وقائع نگار، ڈسٹرکٹ رپورٹر،نمائندہ 92 نیوز، 92 نیوز رپورٹ)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزداراور گورنر پنجاب چودھری سرور نے ہڑپہ کا دورہ کیااوروزیراعلیٰ نے ہڑپہ کیلئے 2 ارب روپے کے ترقیاتی پیکج کا اعلان کیاجس کے بعد چیچہ وطنی بھی گئے ،تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال کا دورہ کیا اور تحریک انصاف کے رہنما رائے حسن نواز کی رہائش گاہ پر معززین علاقہ، پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں سے خطاب کیا۔چیچہ وطنی کیلئے 2 ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج ،ساڑھے 30 کروڑ روپے کی لاگت سے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال چیچہ وطنی کو اپ گریڈ کرنے کا بھی اعلان کیا۔تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ اور گورنر سرور ساہیوال سے ہڑپہ گئے ۔ معززین علاقہ، منتخب نمائندوں اور پارٹی عہدیداران و کارکنان سے خطاب کے دوران وزیراعلیٰ ے نہڑپہ کیلئے 2 ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایک ارب روپے کی لاگت سے سڑکوں کی تعمیر و مرمت کی جائے گی۔واٹر سپلائی اور سیوریج نظام کیلئے 50 کروڑ ،ریلوے پھاٹک پر اوورہیڈ برج/انڈرپاس کی تعمیر کیلئے 50 کروڑ روپے مختص کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں 2 ہزار دیہات کو ماڈل ویلیج بنائیں گے اور ساہیوال کے دیہات کا بھی ماڈل ویلیج میں شیئر ہوگا۔ ساہیوال میں انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی بنایا جائے گا اور اس انسٹی ٹیوٹ کے قیام سے قریبی اضلاع کے لوگوں کو دل کے امراض کے علاج کیلئے لاہور نہیں جانا پڑے گا۔سمندری انٹرچینج سے ساہیوال کیلئے ایکسپریس وے بنایا جائے گا۔ ایکسپریس وے کی تعمیر سے نہ صرف ساہیوال بلکہ دوسرے اضلاع بھی اس سے مستفیدہوں گے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کے ہر شہری کو یونیورسل ہیلتھ کوریج دینے کا پروگرام بنایا ہے اور پہلے مرحلے میں ساہیوال اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن کو شامل کیا گیا ہے ۔ وزیراعظم جلد ساہیوال آ کر یونیورسل ہیلتھ کوریج پروگرام کا افتتاح کریں گے ۔ ساہیوال میں ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کا جلد افتتاح کیا جائے گا۔ پولیس میں 10 ہزار بھرتیاں کر رہے ہیں، پولیس کو 650 نئی گاڑیاں فراہم کی ہیں۔اب پولیس عوامی توقعات کے مطابق ڈیلیور کرے ۔ انہوں نے کہا کہ جو علاقے ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ گئے تھے ، انہیں آگے لے کر جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اپوزیشن سے ہمیں کوئی مسئلہ ہے نہ کوئی خطرہ۔ گورنرکے ساتھ آج ہڑپہ کا دورہ کیا ہے ۔ترقی کے سفر میں قدم بہ قدم چلتے رہیں گے ۔ گورنر سرور اور میں اپنے کپتان کی قیادت میں پنجاب کو بہتر بنانے کیلئے میدان میں ہیں۔ کورونا سے صحت یابی کے بعد سب سے پہلے ساہیوال اور ہڑپہ آیا ہوں۔گورنر سرور نے اپنے خطاب میں کہا کہ ریاست مدینہ کی طرح انصاف اور ترقی کا نظام لانا چاہتے ہیں۔ ہڑپہ کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے ۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ اور گورنر سرور ہڑپہ پہنچے تو انہیں ہڑپہ میوزیم کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر کہا کہ ہڑپہ کے قیمتی اور تاریخی نوادرات کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ اور گورنر کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ہڑپہ میوزیم میں مجموعی طور پر 25 ہزار سے زائد تاریخی نوادرات اور دیگر اشیاء موجود ہیں۔میوزیم میں 5 ہزار اشیاء نمائش کیلئے رکھی گئی ہیں۔ بعدازاں وزیراعلیٰ اور گورنر سرورنے ہڑپہ میوزیم کا دورہ کیا اور میوزیم کے مختلف حصے دیکھے ۔ وزیراعلیٰ اور گورنر نے تاریخی نوادرات اور اشیاء میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ ہڑپہ کا دورہ کرنے کے بعد چیچہ وطنی پہنچے جہاں انہوں نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کا دورہ کیااورہسپتال میں طبی سہولتوں کی فراہمی کا جائزہ لیا۔ وارڈز کا معائنہ کیا اور زیر علاج مریضوں کی خیریت دریافت کی۔وزیراعلیٰ نے زیر علاج بچی کو 50 ہزار روپے اور اپنا موبائل نمبر دیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے ساڑھے 30 کروڑ روپے کی لاگت سے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال چیچہ وطنی کو اپ گریڈ کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کو سٹیٹ آف دی آرٹ علاج گاہ بنایا جائے گا۔ہسپتال میں ٹراما سنٹر بنائیں گے ۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے چیچہ وطنی میں تحریک انصاف کے رہنما رائے حسن نواز کی رہائش گاہ پر معززین علاقہ، پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں سے خطاب کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے چیچہ وطنی کیلئے 2 ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ چیچہ وطنی میں لوکل گورنمنٹ کی سکیموں کو 41 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کریں گے ۔ 15کروڑ روپے سے دیہی سڑکوں کی تعمیر و توسیع ہوگی۔ 10کروڑ روپے سے کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے پروگرام بھی مکمل کیے جائیں گے ۔ سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے 11، سپورٹس کے 2 منصوبوں سمیت 17 ڈویلپمنٹ پراجیکٹ مکمل کئے جائیں گے ۔ چیچہ وطنی میں تحصیل سپورٹس کمپلیکس کا قیام عمل میں لایا جائے گا جس پر 3 کروڑ 40 لاکھ روپے لاگت آئے گی۔ 90 موڑ تحصیل چیچہ وطنی میں چار ایکڑ سرکاری اراضی پر 2 کروڑ 20لاکھ روپے کی لاگت سے سپورٹس گراؤنڈبنایا جائے گا۔چیچہ وطنی میں وائلڈ لائف پارک کا قیام عمل میں لائیں گے اور اس منصوبے کیلئے 5 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔ کوٹلہ ادیب شہید روڈ کی تکمیل ساڑھے 3 کروڑ روپے سے ہوگی۔ چیچہ وطنی کی سڑکوں کی تعمیر ومرمت کے لئے 18 کروڑ 49 لاکھ روپے مختص کئے ہیں۔پختہ سڑکوں کی تعمیرکے 10 منصوبے 18 کروڑ 84 لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل کئے جائیں گے ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے چیچہ وطنی کے بوائز و گرلز کالجز میں بی ایس کلاسوں کے اجرا کا اعلان کیا اور کہا کہ چیچہ وطنی میں یونیورسٹی کی تجویز کا جائزہ لیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے 90 موڑ بائی پاس کیلئے سڑک تعمیر کرنے کا اعلان بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ساہیوال اور چیچہ وطنی کو موٹر وے سے منسلک کیا جائے گا۔ چیچہ وطنی کو موٹرے وے سے لیہ اور پھر انڈس ہائی وے سے تونسہ تک ملانے کا بھی پلان ہے ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ساہیوال اور چیچہ وطنی کے لوگوں کے ساتھ محبت کا رشتہ ہے اور ہمارا یہ رشتہ ہر آنے والے روز مضبوط سے مضبوط تر ہوگا۔اٹک سے رحیم یار خان تک ایک ایک ضلع عزیز ہے ۔36 اضلاع کیلئے ڈویلپمنٹ پلان تیار کر لیا ہے ۔ ساہیوال کیلئے 18 ارب روپے کی لاگت کا ایک جامع ترقیاتی پلان لا رہے ہیں۔ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ساہیوال کو اپ گریڈ کرنے کیلئے فنڈز فراہم کریں گے ۔ ساہیوال میں انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی بھی بنائیں گے ۔بعدازاں وزیراعلیٰ سے ساہیوال میں مختلف وفود نے ملاقاتیں کیں۔ وزیراعلیٰ نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر شہر کی ترقی عزیزہے ۔ لوگوں کے مسائل مقامی سطح پر حل کرنے کی حکمت عملی تیار کرلی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس میں 10ہزار بھرتیاں کی جارہی ہیں اور تمام تر بھرتیاں شفاف طریقے سے میرٹ پر ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ لینڈ ریکارڈ سینٹر کا میں خود دورہ کروں گا اور شکایت پرمتعلقہ افسران کے خلاف سخت ایکشن ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ریونیوسے متعلق شکایات کسی صورت قابل برداشت نہیں۔وزیر اعلیٰ رائے ہاؤس میں آتے ہی لوگوں میں گھل مل گئے ، بار ایسوسی ایشن کیلئے 1 کروڑ روپے اور چیچہ وطنی پریس کلب کیلئے 10 لاکھ روپے اور صحافی کالونی کا وعدہ کیا۔دریں اثنا انہوں نے لسبیلہ کے قریب قومی شاہراہ پر بس الٹنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔قبل ازیں وزیراعلیٰ نے ہڑپہ سے چیچہ وطنی جاتے ہوئے لوگوں کو دیکھ کر پرانی چیچہ وطنی ہڑپہ روڈ پر اپنی گاڑی اچانک روک لی اورگاڑی سے اتر کر لوگو ں کے پاس گئے اور ان کے مسائل سنے ۔ وزیراعلیٰ کے ساتھ لوگوں نے سیلفیاں بھی بنائیں۔سکیورٹی گارڈز نے ایک سپیشل شخص کو روکنے کی کوشش کی تاہم وزیراعلیٰ نے اسے اپنے پاس بلایا اور اس کے ساتھ سیلفی بنائی۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے شاہین 3 میزائل کے کامیاب تجربے پر قوم کو مبارکباد دی اور چک جھمرہ میں 13 سالہ بچی سے زیادتی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب کر لی ۔