فیصل آباد(نیوزرپورٹر) ورلڈ بنک کے چیف اکانومسٹ ولیم ایف میلونی نے پاکستان کی ترقی کی رفتار تیزکرنے کے لئے عالمی معیشت میں حصہ بڑھانے پر زوردیا ہے ۔ فیصل آباد چیمبر آف کامرس میں خطاب کرتے ہوئے انہو ں نے بتایا کہ پاکستان میں ترقی کا پوٹینشل 8فیصد ہے اور اس سے فائدہ اٹھانے اورچیلنجزسے نمٹنے کیلئے ورلڈ بینک پاکستان کی ہر سطح پر معاونت کرنے کے لئے تیار ہے ۔جب تک پاکستان عالمی معیشت میں اپنا حصہ نہیں بڑھائے گا اس وقت تک اس کی ترقی کی رفتار سست رہے گی،عالمی تجارت کا حصہ بننے کیلئے پاکستان کو ٹیکنالوجی اپ گریڈیشن ، ہنر مند افرادی قوت کی تیاری اور سازگار ماحول کی ضرورت ہے ۔خواتین کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ پاکستان کی 51فیصد آبادی کو ترقی کے دھارے میں شامل کرنا ضروری ہے اور اس سلسلہ میں ورلڈ بینک کاروباری خواتین کو مالی اور ٹیکنالوجی کی فراہمی کیلئے بھی کام کر رہا ہے ۔ورلڈ بینک کے سینئر اکانومسٹ گونزو ۔جے ویر یلا نے پاکستانی صنعتکاروں کو برانڈنگ کی جانب توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا ۔